بھٹکل (فکروخبرنیوز) کسی اور کی لاپرواہی نے ایک بے قصور شخص کی زندگی چھین لی۔ نانتھور میں پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 64 سالہ سینئر فوٹوگرافر کے موہن چندر دو دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کی صبح دم توڑ گئے۔یہ حادثہ ہفتہ کی رات تقریباً 8:30 بجے نیشنل ہائی وے 66 پر نانتھور تھرائیتھوٹا کے قریب پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق 27 سالہ گوپال کرشنا، جو دھرماستھلا کا رہائشی تھا، تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس نے سڑک کے کنارے جا رہے موہن چندر کے اسکوٹر کو ٹکر مار دی۔
ٹکر کے بعد موٹر سائیکل سوار اپنا توازن کھو بیٹھا اور ایک ٹپر لاری سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دوسری جانب موہن چندر سڑک پر جا گرے اور ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر ایک مقامی ٹیمپو ڈرائیور کی مدد سے کنکناڈی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دو دن تک زیر علاج رہے، مگر جانبر نہ ہو سکے۔
حادثے کی پوری واردات ایک گاڑی کے ڈیش بورڈ کیمرے میں قید ہو گئی، جس سے واقعے کی سنگینی مزید واضح ہو گئی ہے۔
ناگوری کے رہنے والے موہن چندر پاداوینگاڈی میں واقع "نیویا اسٹوڈیو” کے مالک تھے اور ایک تجربہ کار فوٹوگرافر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی بڑی بیٹی کی شادی آئندہ 10 مئی کو طے تھی اور گھر میں خوشیوں کی تیاریاں جاری تھیں، لیکن اس المناک حادثے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔
وہ ساؤتھ کینرا فوٹوگرافرز ایسوسی ایشن کے تاحیات رکن بھی تھے اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ ان کے انتقال پر مختلف تنظیموں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(ایم ٹی کے ان پٹ کے ساتھ)




