بھٹکل: شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین کے زیر اہتمام عازمینِ حج کے لیے تربیتی کیمپ

بھٹکل (فکروخبرنیوز) شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام نے حج کے اہم مسائل اور مناسک پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔

یہ تربیتی پروگرام آج بعد عصر محکمۂ شرعیہ کی عمارت میں منعقد ہوا، جہاں عازمینِ حج کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر احرام باندھنے کا طریقہ، نیت اور تلبیہ کی ادائیگی، طواف اور سعی کے مسائل، وقوفِ عرفہ، مزدلفہ میں قیام، رمیِ جمرات اور قربانی سمیت حج کے تمام مراحل کو آسان انداز میں سمجھایا گیا۔

علماء کرام نے عازمین کو تاکید کی کہ وہ حج کے دوران صبر و تحمل، اخلاص اور سنتِ نبویؐ کی پابندی کو ملحوظ رکھیں، نیز سفر کے دوران نظم و ضبط، صفائی اور دیگر حجاج کے حقوق کا خیال رکھنے کی بھی نصیحت کی۔ احرام کی حالت میں کن امور سے اجتناب کرنا ضروری ہے، اس پر بھی خصوصی توجہ دلائی گئی۔

مقررین میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، نائب قاضی جماعت المسلمین مولانا محمد انصار ندوی مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی ،  مولانا سمعان خلیفہ ندوی ، مولانا فواز ندوی وغیرہ نے گفتگو کی۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض کنوینر شعبۂ تبلیغ نے انجام دیے، اس موقع پرجماعت المسلمین کے دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود رہے۔