اتر پردیش کی نئی ووٹر لسٹ جاری، دو کروڑ سے زائد نام حذف،اپوزیشن نے اٹھائے سنگین سوالات


اتر پردیش میں خصوصی جامع نظرثانی مہم کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں ووٹروں کی تعداد میں غیر معمولی کمی سامنے آئی ہے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر Navdeep Rinwa نے بتایا کہ اب کل ووٹروں کی تعداد 13 کروڑ 39 لاکھ 84 ہزار 792 رہ گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ اس پیش رفت نے ریاست میں سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے اور اپوزیشن جماعتوں نے اسے جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نظرثانی مہم کے دوران 84 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کو شامل کیا گیا، تاہم اس کے ساتھ ہی تقریباً 2 کروڑ 6 لاکھ ووٹرز کے نام فہرست سے حذف کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی تعداد میں 13.24 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ اس سے پہلے ریاست میں ووٹروں کی تعداد تقریباً 15.44 کروڑ تھی، جو اب گھٹ کر 13.40 کروڑ رہ گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق یہ مہم 166 دن تک جاری رہی، جس کے دوران 3.26 کروڑ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 3.5 لاکھ افراد مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس کی بنیاد پر ان کے نام فہرست سے خارج کیے گئے۔ ضلع وار اعداد و شمار میں لکھنؤ میں سب سے زیادہ 22.89 فیصد ووٹرز کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پریاگ راج، لکھنؤ اور جونپور جیسے علاقوں میں کچھ اضافہ بھی دیکھا گیا ہے، جو اس پورے عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔

خواتین ووٹرز کے حوالے سے بھی تشویشناک رجحان سامنے آیا ہے۔ اب ہر 1000 مرد ووٹرز کے مقابلے میں خواتین کی تعداد 834 رہ گئی ہے، جو پہلے 877 تھی۔ اس وقت ریاست میں 6 کروڑ سے زیادہ خواتین ووٹرز موجود ہیں، تاہم تناسب میں کمی نے صنفی نمائندگی کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ادھر اپوزیشن جماعتوں نے اس عمل پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ووٹرز کے نام حذف کیے جانا عوام کے حق رائے دہی پر ضرب ہے اور اس کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے۔

حکام نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی شہری کا نام غلطی سے فہرست سے حذف ہو گیا ہے تو وہ 15 دن کے اندر ضلع مجسٹریٹ کے سامنے اپیل دائر کر سکتا ہے، جبکہ دوسری اپیل 30 دن کے اندر چیف الیکٹورل آفیسر کے پاس کی جا سکتی ہے۔