بھٹکل کے سب انسپکٹر نوین ایس نائک کو وزیراعلیٰ گولڈ میڈل سے نوازا گیا

بھٹکل (فکر و خبر نیوز)
بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے سب انسپکٹر نوین ایس نائک کو سال 2025 کے باوقار وزیراعلیٰ گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں پولیس خدمات میں نمایاں کارکردگی اور جرائم کے انسداد میں مؤثر کردار ادا کرنے پر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوین ایس نائک نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران خاص طور پر منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائیاں انجام دیں اور کئی اہم مقدمات کو سلجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری کارروائی اور امن و امان کی بحالی کے لیے کی گئی خدمات کو حکومت کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
نوین ایس نائک اس وقت بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں اور اس سے قبل ضلع کے مختلف علاقوں جیسے کمٹہ اور گوکرنا میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ محکمہ پولیس میں انہیں ایک مخلص، ذمہ دار اور مستعد افسر کے طور پر جانا جاتا ہے۔
ان کے اس اعزاز پر مقامی عوام، سماجی شخصیات اور پولیس اہلکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت انجام دیتے رہیں گے۔