جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبہ عالمیت سے فارغ 65 طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لکھنؤ روانہ ، رخصتی کے موقع پر جذباتی مناظر

بھٹکل (فکر و خبر نیوز)
جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبۂ عالمیت سے فراغت کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کل 65 طلبہ بھٹکل سے بذریعہ ٹرین لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء میں تعلیم حاصل کریں گے۔
اس موقع پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شوق اور ذوق کے ساتھ علم حاصل کریں اور اپنے اوقات کو بہترین انداز میں استعمال کریں۔ انہوں نے سفر کے دوران دیگر مسافروں کا خیال رکھنے اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرنے کی بھی تاکید کی۔
طلبہ کی رخصتی کے موقع پر ریلوے اسٹیشن پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں ان کے اہل خانہ اور متعلقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ والدین اور عزیز و اقارب نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے بچوں کو الوداع کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے اساتذہ بھی موجود تھے، جنہوں نے طلبہ کو گلے لگا کر الوداع کیا اور ان کے تعلیمی سفر کے لیے اپنی دعاؤں سے نوازا۔