بھٹکل(فکروخبرنیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے بھٹکل میونسپلٹی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے سٹی میونسپل کاؤنسل کا درجہ دیے جانے کے بعد نئے میونسپل کمشنر باباصاحب مانے نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری حتمی نوٹیفکیشن کے مطابق 22.67 مربع کلومیٹر کے رقبے پر مشتمل نئے شہری ادارے بھٹکل سٹی میونسپل کاؤنسل میں سابقہ میونسپلٹی کے ساتھ جالی ٹاؤن پنچایت اور ہیبلے گرام پنچایت کے علاقے بھی شامل کیے گئے ہیں، جس سے انتظامی دائرہ کار میں نمایاں توسیع ہوئی ہے۔
باباصاحب مانے جو گزشتہ دو برس سے میونسپلٹی میں خدمات انجام دے رہے تھے، کو سرکاری حکم کے تحت ترقی دے کر میونسپل کمشنر مقرر کیا گیا۔ عہدہ سنبھالنے کے موقع پر سابق چیف آفیسر وینکٹیش نوادا نے انہیں اختیارات منتقل کرتے ہوئے استقبال کیا۔
اپنے ابتدائی خطاب میں نئے کمشنر نے واضح کیا کہ ان کی ترجیحات میں شہر کی صفائی، اسٹریٹ لائٹنگ نظام، پینے کے پانی کی فراہمی اور بنیادی شہری سہولتوں کی بہتری شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شہری نظم و نسق میں تعاون کریں، خاص طور پر کچرے کی علیحدگی—گیلا، خشک اور مضر صحت کچرا— کو درست طریقے سے انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہریوں کے مسائل بروقت حل ہوں اور سٹی میونسپل کاؤنسل کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ترقیاتی کام تیزی سے آگے بڑھیں۔
