بھٹکل واطراف میں  فطرہ کی تقسیم

(ایک لاکھ کلوسے زائد فطرہ کی اجتماعی تقسیم)

بھٹکل (فکروخبرنیوز) امسال الحمدللہ مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے زیر ِاہتمام کنداپور،شیرورسے بشمول بھٹکل ،ہوناور وشراوتی بیلٹ اور کمٹہ و انکولہ تک دو ہزارایک سو چوالیس (2144) خاندانوں میں تقریباً ایک لاکھ سات ہزار کلو سے زائد چاول تقسیم ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی ،اوسطاً ہر خاندان کوپچاس(50)کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چا ول دیا گیا، اس سال پانچویں دفعہ بھٹکل وآس پاس کے تمام حلقوں میں فی خاندان پانچ کلو باسمتی چاول یعنی جملہ دس ہزار سات سو کلو سے زائدباسمتی چاول بھی تقسیم کیا گیا، مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل (کرناٹک) کے زیر اہتمام بھٹکل میںمرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بھٹکلی نے بتا یا کہ تقسیم فطرہ کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے کنداپور وانکولہ اور شراوتی بیلٹ پر واقع گیر سوپا ، ہیرانگڈی ، سڑلگی وہوناور وغیرہ کے اطراف کے علاقوں کو بھی گزشتہ چار سال سے اس میں شامل کیا گیا ہے اورجن خاندانوں میں موٹا چاول(بوئیلڈرائس) کھانے کا رواج نہیں ہے ان کو سونا مسوری چاول ہی دیاجارہاہے۔

 مولانا نے مزید فرمایا کہ امسال بھی بھٹکل واطراف، ہوناور ،کمٹہ،انکولہ ،شیرور کنداپور وغیرہ علاقوں میں55حلقے بنائے گئے تھے ،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی ،اس سلسلہ میں بیرون کی بھٹکل مسلم جماعتوں وغیرہ سے بھی حسب معمول امسال بڑی مقدار میں چاول موصول ہوا  حسب سابق امسال بھی تمام حلقوں میں از سر نو سروے کیا گیا   جس کی وجہ سے ایک سودو خاندان کم ہوئے ،بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام الحمدللہ گذشتہ اکتالیس(41 )سالوں سے جاری ہے اور الحمدللہ اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے،اس سلسلہ میں خلیج میں مقیم بھٹکل جماعتوں اور مختلف محلوں واسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں کے تعاون اور مقامی علماء ونوجوان کی خصوصی دلچسپی کوفراموش نہیں کیا جاسکتا،اس سال جمع وتقسیم فطرہ کے مشورے او ر اس کام کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلہ میں فطرہ کمیٹی کے ممبران کی رمضان المبارک میں دو مشاورتی نشستیں منعقد ہوئیں،اس کے بعد کام کا جائزہ لینے  کے لیے عیدملن نشست مع جائزہ و ظہرانہ 8/شوال 1447ھ مطابق28/مارچ 2026َٰٰ بروزسنیچر بعد نماز ظہر متصلاً الہلال ایسوسی ایشن کلب مخدوم کالونی بھٹکل منعقد ہوئی جس میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی دینی، تعلیمی وسماجی اداروں، دونوں جماعتوں ،تنظیم ،انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران ،عمائدین اور شہر کے علماء بھی موجود تھے، جلسہ کی نظامت جناب سید یس یم پرویز صاحب نائب کنوینر مرکزی فطرہ کمیٹی نے کی ،کنوینر مرکزی فطرہ کمیٹی مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے اس سال کی فطرہ کمیٹی کی مکمل رپورٹ مع آمدوخرچ حساب پیش کی اور اس کام کی ضرورت واہمیت اورگذشتہ چالیس سالوں میں کام کی ترقی کی تفصیلات بھی پیش کی جس کے بعدجنرل سکریٹری انجمن حامئی مسلمین جناب اسحاق صاحب شہ بندری ،ایڈیشنل سکریٹری جوکاکو اسماعیل صاحب،سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم جیلانی صاحب شہ بندری،مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمدصاحب کوبٹے ندوی،نائب صدر جماعت المسلمین مولانا عبدالمتین صاحب منیری ،  نائب قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا ایمن صاحب قمری ندوی، جماعت المسلمین کے محاسب جناب پلور صادق صاحب،نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالنور صاحب فکردے ندوی،سابق صدر بلدیہ جناب الطاف صاحب کھروری،سکریٹری بھٹکل مسلم خلیج کونسل مولانا صابرصاحب علی اکبراندوی اور نائب صدر دبئی جماعت جناب عمران صاحب خطیب اور مولانا عمار احمدصاحب دامدا ابو ندوی منطقہ شرقیہ نے اس موقع پر اپنے خیالات وتاثرات کا اظہار کیا اور ممبران کی ہمت افزائی فرمائی اور اس سلسلہ میں کام کی توسیع و استحکام کے سلسلہ میں اپنے مفید مشوروں وتجاویز سے نوازا،مولانا عبدالنورصاحب ندوی کی دعااور پُرتکلف ظہرانہ پر نشست کا اختتام ہوا۔ 

                        رپورٹ: عدنان قاضی ندوی