منگلورو: سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ ویڈیو شیئر کر کے فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑکانے کی مبینہ کوشش کے معاملے میں پولیس نے ایک 38 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد رفیق کے طور پر ہوئی ہے، جو جنوبی کنڑ ضلع کے بنٹوال تعلقہ کے بڈگابیلور گاؤں کا رہنے والا ہے۔
جانکاری کے مطابق مذکورہ ویڈیو اکتوبر 2025 میں “نذیر منگلورو” نامی فیس بک اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ویڈیو کو مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے ذریعے تبدیل (مورف) کیا گیا تھا اور اسے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے مقصد سے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔
اس معاملے میں موصولہ شکایت کی بنیاد پر کنکناڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بھارتیہ نیا سنہتا (BNS) کی مختلف دفعات شامل کی گئیں۔ ان میں دفعہ 196 (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، دفعہ 353(1) (جھوٹی معلومات یا افواہیں پھیلانا) اور دیگر متعلقہ دفعات شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر اکاؤنٹ کا سراغ لگاتے ہوئے ملزم کو 22 مارچ کو بنگلورو سے گرفتار کیا۔ بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 15 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور ایسے عناصر کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
