بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل میں عیدالفطر کے موقع پر دوگانہ نماز عیدگاہ میں صبح ساڑھے سات بجے ادا کی جائے گی، جس کے لیے انتظامات تقریباً مکمل کر لیے گئے ہیں اور شہر بھر میں عید کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
عیدگاہ کمیٹی کے کنوینرمولانا اسامہ ندوی نے جمیع مسلمانان کی خدمت میں عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدگاہ کی مکمل صفائی کا کام چند دن قبل ہی مکمل کر لیا گیا تھا، جس کے بعد باقاعدہ طور پر صفوں کی مارکنگ کی گئی تاکہ نمازی حضرات کو نماز کی ادائیگی میں کسی بھی طرح کی دشواری پیش نہ آئے۔
مزید بتایا گیا کہ عیدگاہ کے اندرونی حصے کے ساتھ ساتھ بیرونی علاقے میں بھی صف بندی کے لیے واضح نشانات لگا دیے گئے ہیں، تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے نمازیوں کو منظم طریقے سے جگہ فراہم کی جا سکے۔ امسال نمازیوں کی متوقع بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد نورسے متصل میدان میں بھی نماز کی ادائیگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں اضافی صفیں قائم کی جائیں گی۔
پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کی ٹیمیں تعینات رہیں گی، جو گاڑیوں کی پارکنگ اور آمد و رفت کو منظم کریں گی۔ پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات بھی مختص کیے گئے ہیں تاکہ عیدگاہ کے اطراف میں کسی قسم کی بدنظمی پیدا نہ ہو۔
عیدگاہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے نماز کے ساتھ باوضو ہوکروقت کی پابندی کا خاص خیال رکھتے ہوئے سے عیدگاہ پہنچنے کی کوشش کریں اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔
واضح رہے کہ عیدالفطر کی نماز قاضیِ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی کی اقتدا میں ادا کی جائے گی۔
