بھٹکل(فکروخبرنیوز) گزشتہ ماہ بین الجماعتی کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں شہر بھٹکل کے پانچ مرکزی اداروں سمیت مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والے جملہ 42 اداروں اور جماعتوں کے نمائندے شریک رہے۔
پانچویں بین الجماعتی کانفرنس کے کنوینر جناب عتیق الرحمن منیری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس کانفرنس میں قوم و ملت اور شہری فلاح و بہبود کے حوالے سے دانشورانِ قوم، علماء کرام اور صاحبِ فکر حضرات کی موجودگی میں اہم تجاویز اور سفارشات منظور کی گئیں۔
اب ان منظور شدہ تجاویز کے عملی نفاذ کے سلسلے میں ایک اجلاسِ عام ان شاء اللہ بروز بدھ، بعد نمازِ عشاء، ٹھیک 8:30 بجے، تنظیم ملیہ مسجد، نوائط کالونی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں بین الجماعتی کانفرنس میں منظور شدہ تجاویز سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا، اور ان تجاویز کی روشنی میں چیف قاضی صاحبان کے خطابات بھی ہوں گے۔
انہوں نے شہر بھٹکل کی عوام سے گزارش ہے کہ کثیر تعداد میں شرکت فرما کر اجلاس کو کامیاب بنائیں۔
