بھٹکل (فکروخبر نیوز) مساجد جہاں عبادت کا مرکز ہوتی ہیں وہیں اگر وہ انسانی ضرورتوں کا سہارا بھی بن جائیں تو یہ معاشرے کے لیے ایک زندہ پیغام بن جاتا ہے۔ اسی جذبۂ خدمت کے تحت آزاد نگر ساتواں کراس میں واقع مسجد ابو حنیفہ میں عوام الناس اور راہ گیروں کی سہولت کے لیے فری فلٹر پینے کے پانی کے ڈسپنسر کا افتتاح عمل میں آیا، جسے مقامی سطح پر ایک قابلِ تقلید سماجی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج 31 جنوری 2026ء، بروز سنیچر شام 4:45 بجے مسجد ابو حنیفہ میں عوام الناس کے لیے فلٹر پینے کے پانی کی فراہمی کے اس منصوبے کا افتتاح امامِ مسجد مولانا قیس جوکاکو ندوی کی دعا کے ساتھ انجام پایا۔ اس موقع پر موجود افراد نے اس اقدام کو موجودہ حالات میں ایک نہایت ضروری اور قابلِ تحسین سماجی خدمت قرار دیا۔
مولانا نے کہا کہ شدید گرمی اور صاف پینے کے پانی کی قلت کے پیشِ نظر یہ واٹر فلٹر ڈسپنسر محلہ کے عوام کے ساتھ ساتھ راہ چلتے مسافروں کے لیے بھی بڑی سہولت ثابت ہوگا اور انسانی خدمت کے جذبے کو فروغ دے گا۔
اس موقع پر مسجد کے ذمہ داران اور محلہ کے افراد نے اس کارِ خیر میں تعاون کرنے والے تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ خصوصی طور پر مسجد کے ذمہ دار جناب عبدالباسط نواب رکن الدین کی خدمات کو سراہا گیا جن کی نگرانی میں اس منصوبے کو عملی شکل دی گئی۔
