ویلفیئر اسپتال بھٹکل کے باہر صاف پینے کے پانی کی سہولت

بھٹکل(فکروخبرنیوز) صاف پینے کے پانی کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور عوامی سہولت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ویلفیئر ہاسپٹل بھٹکل کی جانب سے اسپتال کے داخلی دروازے کے قریب پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس یونٹ کا افتتاح جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیرِ مقامی مولانا سید زبیر صاحب کے ہاتھوں انجام پایا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید زبیر صاحب نے کہا کہ صاف پینے کا پانی انسانی صحت کی بنیادی ضرورت ہے اور خاص طور پر اسپتالوں جیسے مقامات پر اس کی دستیابی نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ انہوں نے ویلفیئر ہاسپٹل انتظامیہ کے اس اقدام کو عوامی فلاح و بہبود کی سمت ایک قابلِ ستائش قدم قرار دیا۔

اس موقع پر موجود جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا اور بھٹکل ٹاؤن میونسپل کونسل کے چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا نے بھی اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف مریضوں بلکہ عام عوام کے لیے بھی بڑی سہولت کا باعث بنتے ہیں۔

ویلفیئر ہاسپٹل کے ڈاکٹر ظہیر کولا نے پانی کی فراہمی کے اس نظام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یونٹ میں نصب مشین کے ذریعے دو روپے کا سکہ ڈالنے پر دو لیٹر جبکہ پانچ روپے کا سکہ ڈالنے پر بیس لیٹر صاف پینے کا پانی حاصل کیا جا سکے گا، جس سے کم خرچ میں زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

تقریب میں ویلفیئر ہاسپٹل انتظامیہ کے صدر ایس ایم شکیل، اسپتال کے منیجر سید ابوالاعلیٰ برماور، بھٹکل ٹاؤن کے پی ایس آئی سمیت ہاسپٹل انتظامیہ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔