بھٹکل (فکروخبرنیوز) گورنمنٹ ماڈل اردو ہائر پرائمری اسکول، نوائط کالونی بھٹکل میں تعلیمی و درسی نمائش (TLMA Exhibition 2026) کا انعقاد آج عمل میں آیا۔ اس نمائش کا مقصد طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور تدریسی سرگرمیوں کو عملی شکل دینا تھا۔
نمائش کا افتتاح جا لی پٹن پنچایت کی صدر محترمہ افشا قاضی نے کیا۔ اس موقع پر کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن بھٹکل کے خزانچی جناب وینکٹیش نائک (ہیڈ ٹیچر، گاندھی نگر) بطور مہمانِ خصوصی موجود تھے۔
پروگرام میں پرائمری اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رکن جناب رفیق صاحب، محترمہ منیرہ خانم (سی آر پی، نوائط کالونی کلسٹر، بھٹکل)، محترمہ نازیہ بانو (سی آر پی، نیشنل کالونی، مرڈیشور)، جناب ایوب خان (ہیڈ ٹیچر، گورنمنٹ اردو ہائی اسکول نوائط کالونی)، محترم غالب اوٹی (ہیڈ ٹیچر، مدینہ کالونی)، محترمہ سیدہ فاطمہ (صدر مدرسہ، گورنمنٹ ہائر پرائمری اسکول، مخدوم کالونی)، جناب ایوب خان (ایس ڈی ایم سی ممبر) اور صدر مدرّسہ محترمہ صبیحہ بانو (گورنمنٹ اردو ماڈل ہائر پرائمری اسکول، نوائط کالونی) شریک تھے۔
مقررین نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی نمائشیں بچوں میں سیکھنے کا شوق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عملی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہوتی ہیں ، تعلیمی دور میں ایسی نمائشوں میں شریک ہوکر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے طلبہ مستقبل میں اپنی تخلیقی چیزوں کے ذریعہ اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں ، اپنے اساتذہ کی نگرانی میں آگے بڑھنے والے طلبہ کی محنتیں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔ انہوں نے طلبہ ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پورے تعلقہ میں اس اسکول کو دوسروں کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا اور کہا کہ دوسرے اسکولوں کے طلبہ بھی اپنے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
مقررین نے صدر مدرسہ محترمہ صبیحہ بانو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی قدیم اسکول ہے جو 1959 سے نوائط کالونی میں قائم ہے اور یہاں سے ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نے استفادہ کیا ہے اور کئی اعلیٰ مناصب پر فائز بھی ہوچکے ہیں۔ محترمہ صبیحہ بانو اس کی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔
پروگرام کی نظامت دنیش وینکٹارمن ہیگڑے (کنڑا ٹیچر، گورنمنٹ ماڈل اردو ہائر پرائمری اسکول نوائط کالونی) نے انجام دی، جبکہ شکریہ مالنی رمایا نائک نے ادا کیا۔
