عید قرباں کے احکام و مسائل پر ایک دلچسپ مکالمہ
ابونصر فاروق
آج درس گاہ میں کلاس شروع ہونے سے پہلے حامد اورخالد میں گرما گرم بحث ہو گئی۔ دونوں کے چہروں پر اس بحث کا نامناسب اثر موجود تھا۔مولانا مبشر جب حدیث کا کلاس لینے آئے تو اُنہوں نے لڑکوں کے چہروں کی طرف دیکھا اور حامد اور خالد کے چہروں پر تبدیلی محسوس کرتے ہوئے پوچھا،کیا بات ہے تم لوگوں کے چہروں پر کچھ ناگواری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
حامد نے کھڑے ہو کر کہا مولانا! خالد کہہ رہا تھا کہ میرے اباجان بقرعید میں قربانی کے لئے جو بکرا لائے ہیں اُس کی قربانی نہیں ہوگی۔میں کہہ رہا تھا کہ وہ ہر سال بقرعید میں بکرے کی قربانی کرتے ہیں، اس سال بھی قربانی کر رہے ہیں، قربانی نہیں کیسے ہوگی ؟
مولانا نے خالد سے پوچھا کیوں خالد تم ایسا کہہ رہے تھے ؟
خالد نے کہا ……جی ہاں مولانا…… میں اس سے یہ کہہ رہا تھا کہ قربانی کرنے کے لئے مسلمان ہونا شر ط ہے۔ غیر مسلم کو قربانی کرنے کا حکم نہیں ہے۔حامد کے اباجان پانچ وقت کی نماز نہیں پڑھتے ہیں۔ وہ مسلمان ہیں ہی نہیں ان کی قربانی کیسے ہوگی ؟
خالد کی بات سن کر مولانا سو چ میں پڑ گئے۔اُنہوں نے خالد سے کہا، تمہارے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ جونمازنہیں پڑھتا ہے وہ مسلمان نہیں ہے۔اس کے لئے تمہارے پاس کیا دلیل ہے ؟ کس بنیاد پر کہہ سکتے ہو کہ حامد کے ابا جان کے بکرے کی قربانی نہیں ہوگی ؟
خالد نے کہا مولانا حدیث میں لکھا ہوا ہے کہ ”نماز دین کا ستون ہے، جس نے نماز قائم کی اُس نے دین کو قائم کیا اور جس نے نماز ڈھا دی اُس نے دین کو ڈھا دیا۔“جو آدمی پنج گانہ نماز کا پابند نہیں ہے اُس کا دین نہیں ہے۔ جس کا دین نہیں ہے اُس کی قربانی کیسے ہوگی ؟ پھر وہ حدیث بھی تو ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ”نمازکا (جان بوجھ کر) ترک کرنا بندگی اور کفر کے درمیان کی چیز ہے۔“جو آدمی جان بوجھ کر نماز نہیں پڑھتا ہے وہ اسلام کے دائرے سے نکل کر کفر کے دائرے میں چلا جاتا ہے یعنی کافر ہو جاتا ہے۔ ایسے آدمی کی قربانی کیسے ہوگی ؟
مولانا نے پوچھا،صرف یہی دو حدیثیں تمہارے پاس ہیں یاتمہارے دعوے کی دلیل میں کچھ اور بھی ہے ؟
خالد نے کہا، قرآن میں لکھا ہوا ہے کہ ”تمہارے جانور کا گوشت اور خون اللہ تعالیٰ کے پاس نہیں پہنچتا ہے، بلکہ وہ تقویٰ پہنچتا ہے جو تمہارے اندر موجود ہے۔“جو آدمی نماز کا پابند نہیں ہے اُس کے اندر تقویٰ ہے ہی نہیں۔وہ جب قربانی کرے گا تو اللہ تعالیٰ کے پاس اُس کا تقویٰ پہنچے گا ہی نہیں، تو پھر اُس کی قربانی کیسے ہوگی ؟
مولانا نے پوچھا اور بھی کوئی دلیل ؟
خالد نے کہا،قربانی کرتے ہوئے جو دعا پڑھی جاتی ہے وہ ابراہیم علیہ السلام کی دعا ہے جواُنہوں نے اپنے باپ اور اپنی قوم کے دین کو چھوڑ کر خالص اللہ کی بندگی کرنے کاعہد کرتے ہوئے پڑھی تھی، جس کا مطلب یہ ہے”بیشک میں اپنا رخ اُس اللہ کی طرف کرتا ہوں جو آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے، میں سچا اور پکا مسلم ہوں اور میں شرک کرنے والا نہیں ہوں۔میری نمازاورمیری قربانی اور میرا جینا اور میرا مرنا سب کچھ اللہ رب العالمین کے لئے ہے۔میں اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتا، اور میں مسلمانوں میں سے ہوں“جو آدمی قربانی کرتے ہوئے یہ دعا پڑھتا ہے وہ دراصل جھوٹ بولتا ہے کیونکہ جو کچھ وہ کہہ رہا ہے اُس کا عمل ان باتوں کے مطابق ہے ہی نہیں۔حدیث میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلمان کبھی جھوٹا نہیں ہو سکتا ہے۔
مولانا نے حامد سے کہا، کہو میاں حامد ! خالد نے اپنے دعوے کی دلیل میں اتنی ساری باتیں کہی ہیں۔
تم جو بات کہہ رہے ہو، کیا تمہارے پاس بھی تمہارے دعوے کی کوئی دلیل ہے ؟
حامد نے کہا،مولاناخالد کی باتیں تو سب درست ہیں، لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہوا کہ جتنے بے نمازی مسلمان قربانی کرتے ہیں اُن کی قربانی نہیں ہوتی ہے ؟ اگر ایسی بات ہے تو جمعہ کے خطبے میں اور دوسری دینی تقریروں میں مولانا لوگ مسلم ملت کے لوگوں کو یہ باتیں کیوں نہیں بتاتے اور سمجھاتے ہیں ؟
مولانا نے کہا، دیکھو اصل معاملہ یہ ہے کہ اس وقت مسلمانوں میں اجتماعیت نہیں ہے۔مسلمانوں کے اعمال کا احتساب کرنے والا کوئی ہے ہی نہیں۔غیر مسلم حکومت کے ماتحت مسلمان زندگی بسر کر ہے ہیں۔اگر کوئی مسلمان شریعت کے خلاف عمل کر رہا ہوتو کوئی دینی فرد یا دینی ادارہ اُس کی پکڑ نہیں کر سکتا ہے۔فوراً حکومت اور قانون اُس کی حمایت کے لئے سامنے آ جائیں گے کہ،کسی کے ساتھ مذہب پر عمل کرنے کے لئے زبردستی نہیں کی جاسکتی ہے۔ بے دین، خدا فراموش اور آخرت بیزار مسلمان اس سہولت کا فائدہ اٹھا کر فاسق و فاجر جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔ماحول ایسا بن گیا ہے کہ جو شخص خود کو مسلمان کہتا ہے اُس کو مسلمان سمجھا جاتا ہے۔کوئی کسی کو یہ باتیں نہیں کہہ سکتا جو خالد کہہ رہا ہے۔اور جو کچھ خالد کہہ رہا ہے وہی سچائی ہے۔ اللہ اور نبی ﷺ کے نزدیک ایسے لوگ مسلمان نہیں ہیں اور ایسے لوگوں کی قربانی کیا کوئی عبادت قبول نہیں ہوتی ہے۔
اُن کی عید بقرعید اور جمعہ کی نمازیں، اُن کی قربانیاں، اُن کے حج، اُن کے صدقے اور خیرات کچھ بھی اللہ تعالیٰ کے یہاں قبول نہیں ہوتے۔ جہاں تک عالموں اور خطیب و مقرر کا سوا ل ہے تو اس معاملے میں وہ بھی قصور وار ہیں کہ اُن کو ملت کے افراد کو یہ باتیں صاف صاف بتانی چاہئیں، تاکہ لوگ خبردار ہوں۔ عمل کرنا نہ کرنا ہر فرد کی اپنی ذمہ داری ہے، لیکن دین وشریعت کے صحیح احکام بتانا عالم دین کی ذمہ داری ہے۔جو لوگ علم رکھنے کے باوجود عوام کو دین وشریعت کا صحیح علم نہیں دیتے وہ گنہگار ہیں اور آخرت میں اُن کو اس کی سخت سزاملے گی۔ قرآن اور احادیث میں اس بات کو بہت وضاحت کے ساتھ بتایا گیاہے۔
مولانا کی بات ختم ہوتے ہی داؤد کھڑا ہوا اور اس نے مولانا سے پوچھا۔ میرے ابا جان ہر سال بکرے کی قربانی کرتے تھے، لیکن اس سال اُن کی مالی حالت اچھی نہیں ہے اس لئے میرے گھر میں بکرے کی قربانی نہیں ہو رہی ہے۔امی نے اُن سے کہاکہ وہ بڑے جانور میں حصہ لے لیں۔ یہ قربانی کم خرچ میں ہو جائے گی۔لیکن ابا جان کہتے ہیں کہ حصے والی قربانی بھی کوئی قربانی ہوتی ہے ؟ میری سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ اباجان صحیح کہہ رہے ہیں یا امی جان درست بات کہہ رہی ہیں ؟
مولانا نے کہا،دیکھو بات جب چھڑ گئی ہے تو مجھے بھی بتانا ہی ہوگا ورنہ میں بھی گنہ گار ہو جاؤں گا۔دراصل تمہارے ابا جان اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کے حکم کی تعمیل میں قربانی نہیں کرتے،بلکہ سماج میں اپنی شان قائم رکھنے کے لئے قربانی کرتے ہیں۔بکرے کی قربانی کی جگہ حصے والی قربانی ہوگی توگھر میں قربانی کا ماحول نہیں پیدا ہوگا اور قربانی کا دکھاوا نہیں ہو پائے گا، اس لئے تمہارے ابا جان اس سال قربانی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
خالد جھٹ سے بولا داؤد کے ابا کی قربانی بھی نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ تو شرک کرتے ہیں۔قرآن میں لکھا ہوا ہے کہ جو آدمی دکھاوے کے لئے کوئی نیک عمل کرتا ہے وہ شرک کرتا ہے۔ شرک ایسا گناہ ہے جس کو اللہ تعالیٰ کسی حال میں معاف نہیں کرے گا۔ یہ بھی قرآن میں لکھا ہواہے۔
مولانا نے کہا دیکھو بات تو بہت کڑوی ہے، لیکن خالد بالکل صحیح بات کہہ رہا ہے۔
مولانا کی بات ختم ہوتے ہی راشد بھی کھڑا ہوگیا اور بولا میرے گھر میں بھی یہی معاملہ ہے۔میرے بھائی جان ہر سال پچیس ہزار کا بکرا خرید کر قربانی کرتے ہیں۔ اس بار اُن کی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔آپا جان کہہ رہی تھیں کہ کم وزن کا چھوٹا بکرا خرید کر لے آؤ۔ایک سال کا جانور ہونے کی شرط ہے۔ ایک سال کا جانور تو چھوٹا ہی ہوگا۔لیکن بھائی جان کہہ رہے ہیں کہ نہیں، ہمیشہ بڑا بکرا قربانی کرتے رہے ہیں، اس بار چھوٹا بکراقربانی کریں گے تو سب سمجھیں گے کہ گھر میں غربت آ گئی ہے۔عزت بچانے کے لئے قربانی نہیں کرنا ہی اچھا ہے۔ بتائیے مولانا! آپا کی بات درست ہے یا بھائی جان کی بات صحیح ہے ؟
مولانا نے کہا بیٹا! یہاں بھی وہی معاملہ ہے۔تمہاری آپا کی بات بالکل صحیح ہے۔ اللہ تعالیٰ قربانی کرنے والے کے جانور کو نہیں دیکھتا ہے بلکہ اُس کی نیت، خلوص اور تقویٰ کو دیکھتا ہے۔جیسا جانور میسر ہو اُس کی قربانی کرنا واجب ہے۔تمہارے بھائی جان بھی قربانی درا صل شریعت کے حکم کی تعمیل کے لئے نہیں کرتے ہیں،بلکہ اپنی شان جتانے کے لئے قربانی کرتے ہیں۔
فوراً خالد بول اٹھا راشد میاں تمہارے بھائی جان کی قربانی بھی نہیں ہوتی ہے۔
زاہد نے پوچھا مولانا یہ بتائیے کہ جو لوگ قربانی کے لئے بہت قیمتی بکرا خریدتے ہیں اگر وہ اتنی ہی قیمت میں کم قیمت کا ایک کی جگہ کئی بکرا خرید لیں اور ایک دن کی جگہ تین دن قربانی کریں تو کیا یہ بہترنہیں ہوگا ؟
مولانا نے جواب دیا، تم نے بالکل درست بات کہی۔پچیس ہزار کا ایک بکرا خریدنے کی جگہ آٹھ نو ہزار کا تین بکرا خرید کر تین دن قربانی کرنے کا ثواب زیادہ ہوگا۔لیکن جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ بھی دراصل نام و نمود کے لئے دکھاوے کی قربانی کرتے ہیں۔
خالد نے پھر لقمہ دیا، ایسے تما م لوگوں کی قربانی نہیں ہوتی ہے۔دکھاوے کے لے مہنگی قربانی کرنا فضول خرچی ہے۔اور فضول خرچی کرنے والے کو قرآن میں شیطان کابھائی کہا گیاہے۔
ساجدنے کہا، مولانا اگر اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو پوری ملت میں شاید ہی ایسے لوگ ملیں گے جن کی قربانی شریعت کے حکم کے مطا بق ہوتی ہے ؟ عام طور پر جو قربانی ہوتی ہے وہ صرف رسم ادا کرنے یا اپنا شوق پورا کرنے یا شہرت اور ناموری کے لئے ہوتی ہے؟ اس سلسلے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟
مولانا نے کہا دیکھو بات تو تم بالکل درست کہہ رہے ہو۔ میں اس سلسلے میں کوئی فتویٰ تو نہیں دے سکتا لیکن سچی بات یہی ہے کہ اس وقت مسلمان چونکہ شریعت سے آزاد اور غافل ہو کر بے دینی اور بے شعوری کی زندگی بسر کر ہے ہیں اس لئے اُن کی زندگی کا کوئی عمل دین و شر یعت کے مطابق ہو ہی نہیں رہا ہے۔اور اسی بے دینی کا انجام ہے کہ مسلمان دن بہ دن نئے نئے مسائل اور مشکلات کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔یہ اپنے مسائل کو جتنا حل کرنا چاہتے ہیں مسائل اتنے ہی الجھتے چلے جا رہے ہیں۔
زاہد نے کہا،کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ایک چھوٹے جانورکی قربانی پورے گھر کی طر ف سے کی جاسکتی ہے۔اس کی کیا حقیقت ہے ؟
مولانا بولے……کچھ نادان اور بے علم لوگ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔اہل مدینہ پر وہ دوربھی تھا جب کھانے کے لئے کھانا اور پہننے کے لئے کپڑا نہیں تھا۔نبیﷺ کے پیٹ پر پتھر بندھے تھے۔پہلے خلیفہ کے گھر والے میٹھی چیز کھانے کو ترستے تھے۔دوسرے خلیفہ کے پاس پہننے کو کرتا نہیں تھا۔اس لئے ایک چھوٹے جانورکی قربانی پورے گھر کی طر ف سے ہوتی تھی۔ پھر جب خوش حالی آگئی تو ہرآدمی اپنی قربانی کرنے لگا۔جو عمل فرض عین ہے وہ ہر فرد کو کرنا ہوگا جیسے پانچ وقت کی اور جمعہ کی نماز اور جو عمل فرض کفایہ ہے وہ ایک فرد کے کرنے سے خاندان کی طرف سے ادا ہو جائے گا جیسے نماز جنازہ۔پھر یہ کہ نماز جنازہ عورتوں پر لازم نہیں ہے۔ہندی مسلمانوں کے لئے حج کرنا آسان نہیں ہے تو کیا ایک حج پورے خاندان کی طرف سے کیا جائے گا۔مسلمان کے پاس قربانی کرنے کو روپے نہیں ہیں لیکن شادی میں فضول خرچی کے لئے روپوں کی کوئی کمی نہیں ہوتی ہے۔معاملہ در اصل نیت اور عمل کا ہے۔کمزور ایمان یا ایمان سے محرو م لوگ شریعت پر عمل کرنے میں ڈنڈی مارنے کے بہانے چاہتے ہیں،رسم و رواج اور شوق پورا کرنے میں نہیں۔
شاہد نے پوچھا …………کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ جو لوگ مسلمان بننا نہیں چاہتے اُن کو قربانی نہیں کرنی چاہئے ؟
مولانا بولے…………،نہیں اس پوری گفتگو کا یہ مطلب نہیں ہے کہ لوگ قربانی نہ کریں۔ اس گفتگو کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اپنی قربانی کی نیت اور جذبے کو سدھاریں تاکہ اللہ تعالیٰ اُن کی قربانیوں کو قبول کرے اور اُن کو دنیا اور آخرت میں اس کا اچھا بدلہ ملے۔صاحب حیثیت افراد کو تینوں دن چھوٹے جانورکی قربانی کرنی چاہئے اور نادار مسلمانوں کے بیچ گوشت تقسیم کرناچاہئے۔مولانا کی بات ختم ہوئی ہی تھی کہ کلاس ختم ہونے کی گھنٹی بج گئی۔
مولانا بولے اچھا بچو! آج کا کلا س دراصل قربانی کے موضوع پر مذاکرے کا کلاس ہو گیا۔صارمؔ عظیم آبادی کہتے ہیں:
یہ خواہش پہ ایماں کو قربان کرنا
ہے ایماں تو خواہش کو قربان کر دو
جواب دیں