مارچ کے آغاز ہی سے مختلف شعبہ جات کے امتحانات کا سلسلہ دراز ہوجاتاہے۔امتحان کے قریب آتے ہی اکثر اسٹوڈنٹس ذہنی تناؤ،نفسیاتی امراض اور صحتی گراوٹ کا شکارہوجاتے ہیں۔اس کی بنیادی وجہ تعلیمی میدان میں منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔سال بھر ہمارے اسٹوڈنٹس پڑھائی سے گریز کرتے ہیں اور عین امتحان کے وقت جاگتے ہیں۔ درحقیقت ہمارے پاس وِژن نہیں ہے۔پچاس سال نہیں بلکہ صرف پانچ سال بعد کیاہوگا،وقت اور حالات کیا کروٹ بدلیں گے ،اس کا ہمیں احساس نہیں،اس لیے کہ ہمارے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔کیریئر گائیڈنس کے متعدد پروگرامات،اساتذہ کی سرپرستی اور رہنمایان قوم کی رہبری کے باوجود مسلم طلبہ کی اکثریت بغیر کسی پلاننگ یا ناقص منصوبے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں قیمتی وقت ضائع کررہی ہے۔ہمارے اسٹوڈنٹس حال سے غافل،مستقبل کے متعلق بے فکر اور عزائم سے ناآشناہیں۔
اکثر طلبہ وطالبات کو ’’رٹنے‘‘کا مرض ہے۔وہ رَٹ کر سبق یاد کرتے ہیں۔یہ طریقہ غلط ہے۔ہمیشہ سمجھ کریاد کرنے کی عادت بنائیں۔رَٹاہواامتحان ہال میں بیٹھتے ہی آپ بھول سکتے ہومگر سمجھ کر یاد کیاہواآپ پرنسپل کے بازو میں بیٹھ کر بے جھجھک اطمینان کے ساتھ لکھ سکتے ہو۔اخبارات میں آئے دن ٹیوشن کلاسیس کے اشتہارات بھی بچوں میں احساس کمتری پیداکرتے ہیں۔ان اشتہارات کے ذریعے بچوں کو سبز باغ دکھائے جاتے ہیں۔ہر ٹیوشن کلاس کاکچھ نہ کچھ دعویٰ ضرور ہوتاہے۔مثلاً:پاس نہیں تو فیس واپس،صد فی صد کامیابی کی ضمانت وغیرہ وغیرہ ۔جو بچے ان کلاسیس میں داخلہ نہیں لے سکتے وہ سوچ میں پڑجاتے ہیں کہ بغیر ان کلاسیس کے ٹاپ پوزیشن حاصل کرناناممکن ہے۔اور جو ایڈمیشن لیناچاہتے ہیں وہ اشتہارات کی بھرمار دیکھ کر اس بات میں امتیاز نہیں کرپاتے ہیں کہ استاد رہنماہے یا تاجر؟؟
بعض اسکولوں اور کالجوں میں نصاب مکمل نہیں ہوپاتاجس کی وجہ سے اساتذہ بچوں کو پرانی نوٹس،گائیڈس اور رہبر کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔کچھ بچے ان کے ذریعے پڑھائی مکمل کرلیتے ہیں جبکہ بہت سے اسٹوڈنٹس انہی چیزوں کا سہارا لے کر نقل کرتے ہیں۔مجھے نہیں معلوم کے اس بات میں کتنی سچائی ہے مگر میرے احباب نے مجھے بتایا کہ بعض اسکولوں میں خود اساتذہ اپنے بچوں کو نقل کرواتے ہیں تاکہ وہ ٹاپ پوزیشن حاصل کریں۔پبلشر حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ پاکٹ سائز ڈائجسٹ کے نقصانات کو فراموش نہ کریں۔یا د رہے کسی ایک طالب علم یا کسی ایک اسکول کے ٹاپ کرنے سے پوری قوم کا تعلیمی معیار بلند نہیں ہوگا۔ قوم مسلم کا تعلیمی معیار اسی وقت بلند ہوسکتاہے جب ہر بچہ عمدہ پوزیشن حاصل کرے گا۔اور ہربچے کو اعلیٰ مارکس دلانے کے لیے رہبری کی ضرورت ہے نہ کہ نقل نویسی کی۔
راقم زیراکس کرنے والوں سے عرض کرتا ہے کہ اگر آپ کے پاس کوئی طالب علم نقل کی غرض سے نوٹس کو کم سائز میں زیراکس کرنے کے لیے آتا ہے تو آپ اسے سمجھائیں،نقل سے روکیں اور پڑھائی کی طرف متوجہ کریں۔یقینااس سے آپ کا کچھ نقصان ہوگا مگر قوم کے فائدے کے لیے یہ نقصان کوئی معنی نہیں رکھتا۔طلبہ کو چاہئے کہ اسٹڈی باوضو کریں،بسم اللہ شریف،درود شریف اور قوت حافظہ کی دعائیں پڑھ لیا کریں۔مستقل مزاجی اور سخت محنت ہی میں کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔
اللہ پاک قوم مسلم کو ہر محاذ پر کامیاب وکامران فرمائے۔
جواب دیں