بنگلورو(فکرو خبر نیوز) کرناٹک میں پینڈنگ ٹریفک جرمانوں کے بوجھ تلے دبے گاڑی مالکان کے لیے ایک بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک بار پھر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے جرمانوں پر 50 فیصد کی بھاری چھوٹ (Rebate) دینے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے اسی طرح کی لچکدار اسکیم متعارف کر کے کروڑوں روپے کے زیرِ التوا جرمانے جمع کیے تھے، اور اب اسی کامیابی کو دہراتے ہوئے گاڑی مالکان کو ایک اور سنہری موقع فراہم کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گاڑی مالکان کو اپنے واجبات ادا کرنے کے لیے 20 دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔ یہ اسکیم 21 جون سے شروع ہو کر 10 جولائی تک جاری رہے گی، جس کے دوران لوگ اپنے کل جرمانے کی صرف آدھی رقم ادا کر کے معاملات کو ختم کرا سکتے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی انڈر سکریٹری پشپا وی ایس کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ چھوٹ سال 1991 سے لے کر سال 2022 کے درمیان محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے درج کیے گئے تمام پینڈنگ ٹریفک چالان اور مقدمات پر لاگو ہوگی۔ اس مدت کے دوران جن گاڑیوں کے چالان کٹے ہیں، وہ اس 20 روزہ ونڈو کا فائدہ اٹھا کر آدھی رقم کے ساتھ اپنے معاملات حل کر سکتے ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے سے جہاں ہزاروں گاڑی مالکان کو بڑی راحت ملے گی، وہی حکومت کے خزانے میں بھی کروڑوں روپے کا پینڈنگ ریونیو جمع ہونے کی امید ہے۔




