بنگال میں خواتین کیلئے 3,000 روپے ماہانہ بھتہ اور بسوں میں مفت سفر کا اعلان، اقلیتی اداروں کی امداد و اسکالرشپ بند

کولکاتا: مغربی بنگال کی کابینہ نے پیر کو "انا پورنا” اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت یکم جون سے خواتین کو 3,000 روپے ماہانہ بھتہ ملے گا۔ اسی کے ساتھ سرکاری بسوں میں خواتین کے مفت سفر کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ریاستی وزیر اگنی مترا پال نے کہا کہ جن خواتین نے سی اے اے کے تحت شہریت کے لیے درخواست دی ہے اور ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لیے ٹریبونل سے رجوع کیا ہے وہ بھی "انا پورنا” اسکیم سے فائدہ اٹھائیں گی۔

وزیرِ موصوف نے کہا کہ "کابینہ نے یکم جون سے خواتین کو ماہانہ 3,000 روپے ماہانہ بھتہ دینے والی "اناپورنا” اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ اسی کے ساتھ یکم جون سے خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے ملازمین کے ساتھ ساتھ متعلقہ قانونی میونسپل اداروں، تعلیمی بورڈز اور سرکاری تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے عملے کے لیے ساتویں ریاستی پے کمیشن کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔

مذہبی گروپوں کو ملنے والی سرکاری امداد بند

بنگال کابینہ نے جون سے مذہبی زمروں کی بنیاد پر گروپوں کو ملنے والی سرکاری امداد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پال نے کہا کہ "حکومت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق موجودہ ریاستی او بی سی فہرست کو بھی ختم کر دیا ہے۔ سرکاری کوٹہ کی اہلیت کا تعین کرنے کے لیے ایک انکوائری پینل تشکیل دے گی”۔

واضح رہے کہ یہ تجویز بی جے پی کے انتخابی منشور میں شامل تھی۔ اگنی مترا پال نے کہا کہ وہ خواتین جو پچھلی لکشمی بھنڈار اسکیم کے تحت ماہانہ بھتہ حاصل کر رہی تھیں، اسی طرح کی مالی امداد کی اسکیم جو پچھلی ممتا بنرجی حکومت نے چلائی تھی، خود بخود نئی انا پورنا’ بھنڈار اسکیم میں شامل ہو جائیں گی۔ پال نے کہا کہ "رقم خود بخود ان کے بینک کھاتوں میں منتقل ہو جائے گی۔ جو لوگ فی الحال لکشمی بھنڈار سکیم کے تحت فوائد حاصل نہیں کر رہے تھے وہ اب اناپورنا بھنڈار سکیم کے تحت اندراج کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ نئی درخواستیں صرف ایک نئے پورٹل کے ذریعے دی جا سکتی ہیں، جسے جلد ہی کھولا جائے گا۔”

اقلیتی اداروں اور مدارس تمام اسکالرشپ بھی بند

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی کابینہ نے ریاست کے اطلاعات و ثقافتی امور، اقلیتی اداروں اور مدرسہ تعلیم کے محکموں کے تحت مذہبی درجہ بندی کی بنیاد پر دی جا رہی تمام اسکالرشپ اسکیموں کو اگلے ماہ سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پال نے کہا کہ "اس طرح کے وظائف صرف اس مہینے کے لیے لاگو ہوں گے اور یکم جون سے بند کر دیے جائیں گے۔”

شیئر کریں۔