کیا مودی کو تین دن پہلے انٹیلی جنس رپورٹ ملی تھی؟ پہلگام دہشت گردانہ حملے پر ملکارجن کھرگے کا بڑا الزام

رانچی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے منگل (6 مئی 2025) کو دعویٰ کیا کہ پی ایم مودی کو 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے تین دن پہلے ایک انٹیلی جنس رپورٹ ملی تھی، جس کے بعد انہوں نے جموں و کشمیر کا دورہ منسوخ کردیا۔

رانچی میں کانگریس کی ‘آئین بچاؤ ریلی’ سے خطاب کرتے ہوئے کھرگے نے یہ بھی پوچھا کہ اس انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر لوگوں کی حفاظت کو یقینی کیوں نہیں بنایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے انٹیلی جنس کی ناکامی کو قبول کیا ہے اور ایسی صورتحال میں اسے 26 لوگوں کی ہلاکت کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔

دہشت گردی کے خلاف حکومت کی حمایت:کانگریس سربراہ

کانگریس صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کانگریس پاکستان کے زیر اہتمام دہشت گردی کے خلاف اٹھائے گئے ہر قدم کی حمایت کرے گی اور حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے کم از کم 26 لوگوں کو بے دردی سے ہلاک کر دیا۔ ان میں زیادہ تر سیاح تھے۔ بھارت نے اس ہولناک واقعے کا الزام پاکستان سے منسلک دہشت گرد گروپوں کو ٹھہرایا ہے۔

پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کھرگے نے کہا، ’22 اپریل کو ملک میں ایک بڑا دہشت گردانہ حملہ ہوا، جس میں 26 بے گناہ لوگ مارے گئے۔ حکومت نے اعتراف کیا کہ یہ انٹیلی جنس کی ناکامی تھی اور اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب آپ کو یہ معلوم ہے تو پہلے مناسب انتظامات کیوں نہیں کیے گئے؟

حکومت اموات کی ذمہ داری قبول کرے: کھرگے

کانگریس صدر نے زور دے کر کہا، ‘جب آپ غلطی قبول کر رہے ہیں، تو آپ کو اتنے لوگوں کی موت کی ذمہ داری بھی لینی چاہیے۔’ انہوں نے کہا کہ ‘حکومت پاکستان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف لڑنے کے لیے جو بھی اقدامات کرے گی ہم اس کی مکمل حمایت کریں گے۔’

لوگوں کو سیکورٹی کیوں نہیں دی گئی؟- کھرگے

انہوں نے دعویٰ کیا، ‘مجھے بھی یہ اطلاع ملی ہے، اخبارات میں یہ بھی آیا ہے کہ حملے سے تین دن پہلے وہاں سے مودی جی کو انٹیلی جنس رپورٹ بھیجی گئی تھی۔ اسی وجہ سے مودی جی نے کشمیر جانے کا پروگرام منسوخ کر دیا تھا۔ کانگریس صدر نے سوال کیا کہ جب انٹیلی جنس والوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا جانا مناسب نہیں ہے تو یہ بات وہاں کی انٹیلی جنس ایجنسیوں، سیکورٹی والوں، پولیس اور بارڈر سیکورٹی فورس کو کیوں نہیں بتائی گئی اور لوگوں کی حفاظت کو کیوں یقینی نہیں بنایا گیا؟

پی ایم مودی 19 اپریل کو دورہ کرنے والے تھے

وزیر اعظم مودی کا جموں و کشمیر کا دورہ 19 اپریل کو ہونا تھا، لیکن خراب موسم کی پیش گوئی کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر اعظم دنیا کے بلند ترین چناب ریلوے پل کا افتتاح کرنے والے تھے اور کٹرہ سے سری نگر تک وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانا تھا۔

اقوام متحدہ کےسربراہ کی ہندوستان و پاکستان سے فوجی تصادم سے گریز کرنے کی اپیل

کیا ہر کشمیری دہشت گرد ہے؟ محبوبہ مفتی کا ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاری پرسخت ردعمل، ایل جی سے کی بے گناہوں کو رہا کرنے کی اپیل