عدلیہ پر بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے کے اشتعال انگیز ریمارکس ملک کے جمہوری ڈھانچے پر حملہ: مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل

فکروخبر، بھٹکل | 22 اپریل 2025 بی جے پی کے رکن پارلیمان نشی کانت دوبے کی جانب سے ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ، سپریم کورٹ آف انڈیا، اور چیف جسٹس کے خلاف دیے گئے غیر مہذب اور اشتعال انگیز بیانات کی مجلس اصلاح و تنظیم، بھٹکل نے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اور وزیراعظم مودی سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
رابطہ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم، مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نےکہا کہ سپریم کورٹ کو نشانہ بنا کر اس کے وقار کو مجروح کرنا اور چیف جسٹس پر براہ راست الزام لگانا، ملک کے جمہوری ڈھانچے پر سیدھا حملہ ہے۔
ان ریمارکس کو عدلیہ کو ڈرانے، بدنام کرنے اور عوام میں نفرت کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مولانا مقبول ندوی نے کہا کہ یہ بیانات صرف سپریم کورٹ پر نہیں بلکہ جمہوریت کے بنیادی ڈھانچے پر بھی خطرناک حملہ ہیں۔
وقف ترمیمی ایکٹ ۲۰۲۵ کی بعض شقوں پرعبوری روک لگانے کے بعد دوبے نے الزام لگایا ہے کہ سپریم کورٹ ملک میں مذہبی جنگوں کو ہوا دے رہا ہے اور ملک میں ہونے والی خانہ جنگیوں کے لیے چیف جسٹس کو ذمے دار قرار دیا ہے
مولانا ندوی نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ فوراً اس معاملے میں مداخلت کریں اور سپریم کورٹ کے وقار کو بحال رکھتے ہوئے نشی کانت دوبے کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
مجلس اصلاح و تنظیم نے سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ازخود اس معاملے میں توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کرے اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی اقدام اٹھائے جو عدلیہ جیسے آئینی ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی ، مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی ( رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ و مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل ) ایڈوکیٹ عمران لنکا (کنوینر سیاسی پینل مجلس اصلاح و تنظیم) وغیرہ موجودتھے

بنگلورو میں ایئر فورس افسر اور بائیک سوار کے درمیان جھڑپ، وزیراعلی کا سخت ردعمل

تحفظ اوقاف کانفرنس میں پھر وزیراعظم پر برسے اسدالدین اویسی ، کہا وہ ولی محمد بن سلمان سے پوچھیں کہ ۔۔۔۔۔