احمد آباد: احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارہ حادثہ میں 270 افراد کی موت کے ایک ہفتہ بعد، ڈی این اے میچنگ کے ذریعہ اب تک 211 متاثرین کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ 189 لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ایک اہلکار نے جمعرات کو بتایا کہ ’لندن جانے والی فلائٹ AI-171 جس میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے، 12 جون کو احمد آباد ہوائی اڈے سے ٹیک آف کرنے کے بعد ایک میڈیکل کمپلیکس سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔ طیارے میں سوار ایک مسافر کو چھوڑ کر تمام ہلاک ہوگئے جبکہ اس حادثہ میں دیگر 29 افراد کی بھی موت ہوگئی۔ حکام متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کر رہے ہیں، کیونکہ بہت سی لاشیں شناخت سے کے قابل نہیں ہیں۔
احمد آباد سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر راکیش جوشی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ "جمعرات کی صبح تک، 211 ڈی این اے کے نمونے مل چکے ہیں، اور 189 لاشیں متعلقہ خاندانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔” جن 189 متاثرین کی لاشیں حوالے کی گئی ہیں ان میں 142 بھارتی، 32 برطانوی شہری، سات پرتگالی شہری اور ایک کینیڈین شامل ہے۔ جوشی نے کہا کہ مسافرین کے علاوہ دیگر مرنے والوں میں سے سات افراد کی لاشیں بھی ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ ہفتے احمد آباد میں گر کر تباہ ہونے والے ایئر انڈیا طیارے کے شریک پائلٹ فرسٹ آفیسر کلائیو کندر کی لاش آج صبح ممبئی میں ان کے گھر لائی گئیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ شریک پائلٹ کی باقیات کو لے جانے والا تابوت ایک پرواز کے ذریعے ممبئی ہوائی اڈے پر پہنچا اور پھر اس کے اہل خانہ اسے گورگاؤں میں رام مندر روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر لے آئے۔ کندر ممبئی میں اپنے بوڑھے والدین اور ایک چھوٹی بہن کے ساتھ رہتے تھے۔