ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا سخت جواب ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ دیا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے کسی بھی حماقت کی صورت میں ہندوستانی فوج جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی سرجیکل اسٹرائیک کے بعد ہندوستان میں کم از کم 18 ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ان بند ایئرپورٹس میں سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چنڈی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ اور جام نگر وگیرہ شامل ہیں۔
آپریشن سندور کے بعد طیاروں کی پرواز پر بھی خاطر خواہ اثر پڑا ہے۔ اب تک 200 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ تنہا انڈیگو نے تقریباً 165 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ سے بھی 35 سے زیادہ پوازیں (23 روانگی، 8 آمد اور 4 بین الاقوامی پروازیں) منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کے مطابق موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انڈیگو ایئرلائنس نے منگل کے روز ہی سری نگر، جموں، امرتسر، لیہہ، چنڈی گڑھ، دھرمشالہ، بیکانیر اور جودھپور کے لیے سبھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس کی جانکاری دیتے ہوئے ایئرلائن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی انڈیگو نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر جانے سے قبل اپنی پرواز کے بارے میں جانکاری ضرور حاصل کر لیں، تاکہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق صرف انڈیگو نے ہی مجموعی طور پر اب تک 165 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے کے بعد کئی ایئرلائنس نے بیان جاری کر اپنی اپنی طرف سے وضاحت پیش کی ہے۔ ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ایئر انڈیا نے جموں، سری نگر، لیہہ، جودھ پور، امرتسر، بھج، جام نگر، چنڈی گڑھ اور راجکوٹ کی پروازیں 10 مئی کی صبح 5.29 بجے تک منسوخ کر دی ہیں۔ مسافروں کو ٹکٹ منسوخ کرانے یا ری-شیڈول کرنے پر کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ اسی طرح اسپائس جیٹ نے اپنا بیان جاری کر کہا ہے کہ انڈیگو، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی کئی فلائٹس کینسل کی ہیں اور مسافروں کو مکمل ریفنڈ یا دوسری پرواز کا متبادل دینے کی بات کہی ہے۔ اس درمیان قطر ایئرویز نے پاکستانی ایئر اسپیس بند ہونے کے سبب پاکستان کے لیے پروازیں عارضی طور سے بند کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کو 1.05 بجے سے لے کر 1.30 بجے تک مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کو انجام دیا۔ 25 منٹ کے اس آپریشن میں 24 میزائلوں کے ذریعہ 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ ان 9 ٹھکانوں میں سے 5 پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں تھے، جبکہ 4 پاکستان میں تھے۔ ان ٹھکانوں میں دہشت گردوں کو بھرتی کیا جاتا تھا اور انھیں تربیت دی جاتی تھی۔ اس سرجیکل اسٹرائیک کے بعد مسعود اظہر نے بیان جاری کر بتایا ہے کہ حملہ میں اس کے اہل خانہ کے علاوہ 4 قریبی ساتھی بھی مارے گئے ہیں۔