آپریشن سندور کے بعد آج رات 8 بجے وزیراعظم ملک سے کریں گے خطاب

وزیر اعظم نریندر مودی آج شب 8 بجے ملک سے خطاب کرنے والے ہیں۔ ان کا یہ خطاب ’آپریشن سندور‘ شروع ہونے کے بعد عوام سے پہلا خطاب ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان زمین، ہوا اور سمندر میں سبھی فوجی حملوں کو روکنے سے متعلق آپسی سمجھوتہ کے 2 دنوں بعد یہ خطاب کرنے والے ہیں۔ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان کی طرف سے ’آپریشن سندور‘ شروع کیا گیا تھا، لیکن اب جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے 7 مئی کی صبح پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے ’آپریشن سندور‘ شروع کیا۔ اس آپریشن کے دوران کم از کم 100 دہشت گرد مارے گئے اور پاکستانی فوج کے 40 جوان بھی ہلاک ہوئے۔ ’آپریشن سندور‘ میں خاص طور سے لشکر طیبہ اور جیش محمد سے منسلک کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بہرحال، وزیر اعظم نریندر مودی پہلگام حملہ کے بعد سے ہی انتہائی سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور میٹنگوں کا سلسلہ روزانہ چل رہا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم او کے درمیان مقررہ مذاکرہ سے قبل بھی پی ایم مودی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر شامل تھے۔ میٹنگ میں شامل ہونے والوں میں این ایس اے اجیت ڈبوال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان اور تینوں فوجی چیف شامل تھے۔

واضح رہے کہ خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے 9 مئی کو ہندوستان اور پاکستان کےد رمیان جنگ بندی کی جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں فریقین ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے زمین، ہوا اور سمندر میں سبھی طرح کی گولی باری اور فوجی کارروائی بند کر دیں گے۔ حالانکہ اسی دن پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔ پھر 11 مئی کو ہندوستانی افواج نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں 7 مئی کو انجام دیے گئے ’آپریشن سندور‘ کی تفصیلی جانکاری پیش کی گئی۔ اس پریس کانفرنس میں بری فوج کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، ہندوستانی فضائیہ کے ڈی جی اے او ایئر مارشل اودھیش کمار بھارتی اور ڈی جی این او وائس ایڈمرل اے این پرمود شامل ہوئے تھے۔

فوج کی پریس کانفرنس : پاکستانی پروپیگنڈہ کو پھر کیا بے نقاب

قوم کے محسن حضرت مولانا وستانویؒ کی قابل قدر خدمات