آپریشن سندور میں صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا : وزیراعلی جموں کشمیر عمرعبداللہ

جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا جواب ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘ سے دیا ہے۔ اس کارروائی سے پاکستانی فوج میں زبردست کھلبلی مچ گئی جس کے بعد وہ مسلسل ایل او سی پر فائرنگ کر رہی ہے۔ اس فائرنگ میں کئی شہریوں کے مارے جانے کی بھی خبر ہے۔ پاکستان کی اس حرکت کے بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔ شاہ نے یہ یقینی کرنے کو کہا ہے کہ سرحد پر رہنے والی شہری آبادی کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔ ہنگامی حالت کے لیے بنکر تیار رکھا جائے۔

’اے بی پی‘ کی خبر کے مطابق پاکستان کی طرف سے جاری فائرنگ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم نے سارے ڈی سی سے بات کی ہے۔ جہاں جہاں شہریوں کو نکالنے کی ضرورت ہوگی انہیں نکالا جائے گا۔ ہمارے ہاتھ میں یہ معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کے لیے خود پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرایا کیونکہ یہ حالت پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 لوگوں کی موت کے بعد پیدا ہوئی ہے۔

عمر عبداللہ نے کہا، ’’آغاز پہلگام میں ہوا، جہاں 26 بے قصور لوگوں کو مارا گیا۔ تب مرکزی حکومت نے کہا کہ اس کا ہم جواب دیں گے۔ اپنے طریقے سے دیں گے۔ جواب دینے کا طریقہ یہی تھا کہ ہم نے پاکستان میں شہری اور دیگر ٹھکانوں پر کارروائی ںہیں کی، دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کی طرف سے سے گولی باری کی جا رہی ہے۔ ہمارے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے آگے کہا، ’’شروعات وہاں سے ہوئی، یہاں سے نہیں ہوئی۔ پہلگام میں لوگوں کو اس طرح مارا نہیں گیا ہوتا تو یہ دن نہیں آتا۔ ہم آرام سے رہ رہے تھے، سیاحت کا دبدبہ تھا۔ ایل او سی پر امن تھا۔ ہمارے بنائے ہوئے حالات نہیں ہیں۔ ہم لوگوں میں سے کوئی جنگ نہیں چاہتا۔ جموں و کشمیر میں پہلے جو بھی حملے ہوئے جموں و کشمیر کو متاثر کیا۔ ہم تو چاہیں گے کہ حالات دوبارہ ٹھیک ہو جائیں، پہلے پاکستان کو بندوقیں بند کرنی پڑے گی پھر یہاں سے بندوق نہیں چلے گی۔‘‘

واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ اس حملے میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد فوج نے بدھ (7 مئی) کی صبح  فضائی حملہ کرکے پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو نیست و نابود کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری، سرحدی اضلاع میں 12 شہری ہلاک 

’آپریشن سندور‘ کے بعد پورے ملک میں الرٹ، 200 سے زائد پروازیں منسوخ، متعدد ہوائی اڈے عارضی طور پر بند