پچھلی امتوں نے اس حقیقت کو فراموش کردیا تھا کہ دنیا کے سارے انسان اللہ کا کنبہ ہیں لہذا انسانیت کو رنگ ونسل اور علاقوں کے خانوں میں تقسیم کردیاگیا اسلام نے اس غلطی کو درست کرکے انسانوں کو مساوات، بھائی چارہ اور غمگساری کا سبق دیا سب سے پہلے نماز کے ذریعہ اس صداقت کا عملی اظہار کرایاگیا خاص طور سے عیدگاہ کے میدان میں صف بندی کے ذریعہ امیر کی بغل میں غریب اور غریب کی بغل میں امیر کو اس طرح کھڑا کردیاگیا کہ کسی کے دل میں دوسرے پر برتری کا ذرا بھی احساس نہ رہے، یہی اسپرٹ اور جذبہ اسلام مسلمانوں کی عام زندگی میں بھی جاری وساری دیکھنا چاہتا ہے لیکن افسوس کہ مسلمانوں کی عملی زندگی اس کے قطعی برعکس ہے انہوں نے اپنے درمیان مختلف دیواریں کھڑی کردی ہیں وہ ایک امت اور جماعت ہونے کے بجائے گروہوں اور مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے نظر آتے ہیں ان کے مخالف ایک گروہ کو شہہ دے کر دوسروں سے لڑادینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں اور اس کا نتیجہ مسلمانوں کی بے وقعتی اور کمزوری کی صورت میں سامنے آرہا ہے کروڑوں کی تعداد میں ہونے اور ایک اعلیٰ افضل مذہب کے ماننے کے باوجود مسلمان خود کو بے سہارا محسوس کرتے ہیں رمضان ہو یا عید یہ ہر سال بار بار لوٹ کر آتے ہیں اور مسلمانوں کو ان کا یہ بھولا ہوا اتحاد ویکجہتی سبق یاد دلاجاتے ہیں۔
اسلامی تہواروں کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ وہ چاند کے حساب سے منائے جاتے ہیں اس لئے کسی خاص موسم کے ساتھ مخصوص نہیں ہوتے اگر ان کا ایک ہی موسم مقرر ہوتو وہ بھی موسمی تہوار کہلانے لگیں گے۔ان کی یہ شان وہ کسی موسم کے پابند نہیں کبھی گرمیوں میں تو کبھی جاڑوں میں اور کبھی بارش میں آتے ہیں یعنی زمان ومکان کے پابند نہیں ہوتے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عادت، حسنِ سلوک اور اچھائیوں کو اختیار کرنے کا کوئی خاص موسم نہیں ہوتا۔
ہادی برحق ﷺ کا ارشاد ہے کہ جس نے روزے میں جھوٹ بولنے کی عادت کو ترک نہیں کیا تو خدا کو اس کے روزے کی کوئی پرواہ نہیں ایسا شخص فاقہ کرتا ہے اور مقصد سے دور ہوجاتا ہے۔ رسول پاک ﷺ کی یہ تعلیم ہر زماں ومکاں کے لئے ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جھوٹ کی عادت کسی خاص موسم میں نہیں بلکہ مطلق ترک کی جانا چاہئے مگر اس کے برعکس عام مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ رمضان المبارک میں کچھ احتیاط ضرور برت لیتے ہیں جو رمضان کے رخصت ہوتے ہی ان کی زندگیوں سے نکل جاتی ہے، خاص طور پر عید کے موقع پر نماز دوگانہ ادا کرنے کے بعد یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ مسلمانوں نے روزے رکھے اور اپنی تربیت کا کورس مکمل کرلیا ہے ان کی زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آتی۔جھوٹ، فریب، خود غرضی، ایذا رسانی، جیسی معاشرتی برائیاں موجود رہتی ہیں، ہمدردی، غمگساری، اتحاد اور اتفاق سے وہ پہلے کی طرح دور رہتے ہیں۔
حالانکہ رمضان المبارک کے اختتام پر عیدالفطر کا تہوار مناتے وقت ہر مسلمان کو اس دن کی اصل روح اور اسلامی تہوار کے مزاج کو پیش نظر رکھنا چاہئے رمضان کے روزوں کا ایک مقصد یہ بیان کیاگیا ہے کہ عام مسلمانوں میں تقویٰ وپرہیزگاری پیدا ہو۔ یہ تقویٰ وپرہیزگاری مالک حقیقی کو صرف رمضان کے مہینے میں مطلوب نہیں، مسلمانوں کی زندگی کے ہر لمحہ میں اس کا اہتمام ہونا چاہے ایک مہینہ کی تربیت کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان سال کے باقی گیارہ ماہ بھی اسی انداز میں بسر کریں رمضان کے روزے عبادات تلاوت، زکوٰۃ اوردیگر اعمالِ خیر ان کی زندگیوں میں توازن پیداکردیں اور مستقل تبدیلی کا باعث بن جائیں۔(یو این این)
جواب دیں