English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں عیدالأضحیٰ کی نماز جامع اور جمعہ مساجد میں ادا کی گئی ، خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی کا ولولہ انگیز خطاب ، کہا : اللہ کے ہر حکم کے آگے اپنے آپ کو جھکانا ہی قربانی کی اصل روح

share with us

بھٹکل17؍جون 2024 (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں آج بارش کے پیشِ نظر عید الأضحیٰ کے نماز جامع مسجد اور دیگر جمعہ مساجد میں ادا کی گئی جہاں خطباء نے موجودہ حالات کے تناظر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اپنے احوال درست کرنے کی طرف بھی عوام کی توجہ مبذول کرائی۔

جامع مسجد بھٹکل میں مولانا عبدالعلیم ندوی نے دوگانہ کی امامت فرمائی اور خطبہ میں دنیا کے موجودہ حالات میں جد امجد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانیوں کو یاد کرنے اورسنتِ ابراہیمی کو اپنانے کی نصیحت فرمائی۔

مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید الأضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہے۔ اپنے اندر ان جیسی روحانی قوت اور طاقت پیدا کی جائے کہ ہم اللہ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ مولانا نے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ ان حالات میں امت مسلمہ گھری ہوئی ہے اور چوطرفہ انہیں ایک سازش کے تحت گھیرا جارہا ہے، ان کے جذبات کو ابھارکرمایوسی کو معاشرہ میں پیدا کیا جارہا ہے مولانا نے کہا کہ ان حالات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے سب سے پہلے اپنے آپ کو اللہ کے حکم کے سپرد کردینا ہے چاہے حالات موافق ہوں یا مخالف۔ اسی طرح اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے پیدا ہونے والے حالات پر تحمّل کا مزاج پیدا کرنا ہے اور ہر مسئلہ میں اللہ کے سامنے رجوع ہونا ہے۔

مولانا نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے ظلم بہت دیرتک ٹکتا نہیں ہے۔ جتنے بھی ظالم دنیا میں آئے انہوں نے اپنا انجام اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا اور موجودہ دور میں بھی جتنی طاقتوں کواپنی طاقت اور قوت پر ناز ہے وہ بھی اپنے انجام کو دیکھ لیں گی، بس ہمیں ان کا یقین نصیب ہونا چاہیے اور اپنے احوال اور اعمال کو درست کرنے کی فکر ہونی چاہیے۔

مولانا نے اپنے خطاب میں امت مسلہ کو بھولا ہوا سبق یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلم معاشرہ کو توڑا جارہا ہے اور ان کے اداروں کے درمیان ناچاقیاں پیدا کی جارہی ہیں ، شیطان بھی اسی کوشش میں لگارہتا ہے لیکن تمام مسائل کا حل یہی ہے کہ ہم متحد ہوجائیں اور ملت کے شیرازے کو بکھرنے نہ دیں ، شریعت کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے خود لی ہے لیکن شریعت پرعمل کرنے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی صورت میں بڑے سے بڑے حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ مولانا نے اپنے خطاب میں عصبیت اور آپسی دشمنیوں کو ختم کرتے ہوئے رشتے استوار کرنے اور دل کی بیماریاں کینہ ، حسد ، بغض وغیرہ سے اپنے دلوں کو پاک کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔

عید کی نماز ، خطبے اور بیان کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لیے کلک کریں

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا