English   /   Kannada   /   Nawayathi

انوراگ کشیپ سمیت کئی فلمی ہستیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے ، جانیں کس نے کیا کہا

share with us

:04 مارچ2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کو  اپوزیشن اور حکومت  کے خلاف آواز بلندکرنےوالوں  کے خلاف استعمال کرنے  کے الزامات کے بیچ  انکم ٹیکس محکمہ نے بدھ کو فلمساز انوراگ کشیپ اور اداکارہ تاپسی پنو  کے ہاں  اچانک چھاپے ماری کی ۔ انوراگ کشیپ اور تاپسی فلمی دنیا کی ان چند شخصیات میں  سے ہیں جو آج بھی کھل کر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی  ہیں۔ انکم ٹیکس چوری کے شبہ میں ممبئی اور پونے میں کل ۳۰؍ مقامات پر چھاپے ماری کے بعد تاپسی اور کشیپ سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔ 
 جن ٹھکانوں  پر چھاپے مارے گئے ہیں ان میں ایک ٹیلنٹ ایجنسی اور فینٹم فلمس  شامل ہے۔ فینٹم فلمس کےکلیدی  پروموٹرانوراگ کشیپ تھے جبکہ ان کے ساتھ وکاس بہل اور مدھومنتینا بھی  پرموٹر تھے۔ مدھو منتینا کے ہاں بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ ریلائنس  انٹرٹینمنٹ گروپ کے سی ای او شیباشیش سرکارکو بھی انکم ٹیکس نے نشانہ بنایاہے۔
’ ڈرانے  اور آواز بند کرنے کی کوشش‘
  انکم ٹیکس کی اس کارروائی پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں کہ حکومت ان آوازوں کو بند کرنے کی کوشش کررہی ہے جو اس کی پالیسیوں پر انگلی اٹھاتی ہیں۔ فوری طور پر صدائے احتجاج بلند کرنے والوں   میں شیوسینا کی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی  اور آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو شامل ہیں۔ تیجسوی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’انہوں نے پہلے انکم ٹیکس، سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال  ببانگ دہل بولنے والے  سیاسی مخالفین  کے خلاف ان کی کردار کشی کیلئے استعمال کیا۔ اب نازی حکومت ان سماجی کارکنان، صحافیوں اور فنکاروں کو نشانہ بنارہی ہے  جو سچ کو سچ کہنے سے باز نہیں آتے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تاپسی پنو اور انوراگ کشیپ کو ٹیگ کرتے ہوئےا ن کے ہاں مارے گئے چھاپوں کی مذمت کی ہے۔ 
’’ایک وقت آگیا کہ لوگ ڈرنا بند کردیں گے‘‘
 معروف صحافی ویر سنگھوی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ایک وقت آئے گا کہ جب  یہ حکمت عملی کام کرنا بند کردیگی۔ لوگ ڈریں گے نہیں اور وہ سچ بولتے رہیں گے۔‘‘رکن پارلیمان پرینکاچترویدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’کاش ہمارے ملک کے انکم ٹیکس محکمہ کو  بندھوا  مزدوری کی موجودہ صورتحال  سے بچایا جاسکے۔ یہی خواہش سی بی آئی اور ای ڈی کیلئے بھی ہے۔‘‘معروف وکیل اور سماجی کارکن پرشانت بھوشن نے بھی چھاپوں کی اطلاع عام ہوتے ہی ٹویٹ کیا ہے کہ ’’فلمساز انوراگ کشیپ اور اداکارہ تاپسی پنو کو انکم ٹیکس محکمے کے چھاپوں کا سامنا ہے۔ بی جےپی کی ’اے‘  ٹیم ان لوگوں کو ڈرانے اور خاموش کرنے کیلئے سرگرم ہے جنہوں  نے اب تک تابعداری تسلیم نہیں کی ہے۔ ہندوستان نے انکم ٹیکس محکمے، سی بی آئی، ای ڈی اور پولیس کا ایسا غلط استعمال اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ 
اصل نشانہ انوراگ کشیپ کی کمپنی فینٹم فلمس
 انکم ٹیکس محکمے  کے چھاپے فینٹم فلمس اور اس کے پروموٹرس انوراگ کشیپ، وکرما دتیہ موٹوانی، وکاس بہل اور مدھو منتینا کے ذریعہ ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کا حصہ ہیں۔ فینٹم فلمس کو ۲۰۱۸ء میں تحلیل کردیاگیاتھا۔ انکم ٹیکس محکمہ کے ایک اہلکار کے مطابق ٹیکس چوری کے کچھ معاملات سامنے آئے ہیں۔   اہلکار کے مطابق  ’’اس پروڈکشن ہاؤس کی  فلمیں سپرہٹ رہیںمگر کمپنی کے بہی کھاتہ میں غیر معمولی طور پر کم منافع دکھایا گیا ہے۔‘‘

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا