English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃعلماء کی اصلاح معاشرہ اور نشہ مخالف مہم ........نشہ سے نوجوانوں کی صحت اور صلاحیتیں متاثرہورہی ہیں:مولانا حلیم اللہ قاسمی

share with us

 

جمعیۃعلماء کی اصلاح معاشرہ اور نشہ مخالف مہم 

نشہ ایک تباہ کن عادت ہے،

نشہ سے نوجوانوں کی صحت اور صلاحیتیں متاثرہورہی ہیں:مولانا حلیم اللہ قاسمی

ممبئی 10/فروری :  نشہ ایک تباہ کن عادت ہے،جو نہ صرف انسان بلکہ اس کے گھر،معاشرے اورپوری قوم و ملک کو تباہ کردیتی ہے۔کسی بھی قوم کو ترقی پر لے جانے کے لئے نوجوان ہی اس کا اثاثہ ہوتے ہیں۔لیکن نسل نو جس تیزی سے منشیات کی طرف مائل ہورہی ہے یہ صورت حال حیرت انگیز اور خوف زدہ کردینے والی ہے۔اس سے نوجوانوں کی صحت کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتیں بھی متاثر ہورہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے قریشی مسجد ٹاٹا نگر،گونڈی،ممبئی میں جمعیۃ علماء گونڈی کے اجلاس مجلس منتظمہ سے خطاب کے دوران کیا۔ 

مولانا محسن علی خان صدر جمعیۃعلماء گونڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس مجلس منتظمہ میں مولانا حلیم اللہ قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نشہ کسی بھی چیز کا ہو فطرت کے تقاضوں سے جنگ کے مترادف ہے۔تشویشناک بات یہ ہے کہ منشیات سے سب سے زیادہ نو جوان نسل متاثر ہورہی ہے۔منشیات کے استعمال کی بنیادی وجہ دین سے دوری اور اس کے نقصانات سے بے خبری،اور بے روزگاری بھی ہے۔ 

مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ ہمیں منشیات کے استعمال کے اسباب پر روک تھام کی ضرورت ہے، جب تک ہم اس پر روک تھام نہیں کریں گے منشیات کے استعمال پر قابو پانا مشکل ہوگا۔ہمیں اپنی اولاد کی بہترین تربیت اور ان کی دیکھ ریکھ کرتے رہنا چاہئے۔اور اس بات پر خاص خیال رکھنا چاہئے کہ کہیں وہ غلط صحبت میں پڑ کربری عادتوں کے شکار نہ ہوجائیں۔ اس کے ساتھ ہی منشیات کے سد باب اور اصلاح معاشرہ مہم کے سلسلہ میں مسجد مسجد، محلہ محلہ،گلی گلی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔اور اصلاح معاشرہ کے عنوان پرتحریک چلا کر دلجمعی کے ساتھ مستقل کام کرتے رہنے کی ترغیب دی۔

مولانا نے مسلم نوجوان بچوں اور بچیوں کے غیر مذہب میں شادی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔اور فرمایا کہ ارتدادا بچوں کا ہو یا بچیوں کا دونوں باعث تشویش ہے۔ اس کی بہت ساری وجوہات ہیں،منجملہ’مخلوط عصری تعلیم،ایک دوسرے سے معاشقہ،والدین کی لاپرواہی‘وغیرہ شامل ہیں۔اس لئے ہمیں بچوں اور بچیوں کی تربیت ابتدائی مرحلہ میں اپنے گھروں سے کرنے،ایمان،اخلاق، بنیادی تعلیمات کی طرف توجہ دینے اور دینی و ملی حمیت اور فکر پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔کیونکہ ارتداد کسی بھی وجہ سے ہوکسی بھی مسلمان کے مرتد ہونے کی وجہ کمزور ایمان،تربیت میں کمی اور ایسے ماحول کا ہونا ہے جس سے گمراہ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ 

مولانا محسن علی خان نے اپنے صدارتی خطاب میں اجلاس کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی،اور ضرورتمندوں کی خبر گیری کے لئے تشکیل دی گئی محلہ کمیٹی کے امدادی اور فلاحی کاموں کاگزاری پیش کی،اور نوجوانوں میں نشہ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ حاضرین مجلس نے اصلاح معاشرہ کے سلسلہ میں پیش کی گئی تجویز پر عمل کرنے کا عزم کیا۔آخر میں مولانا صدرعالم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء گونڈی نے تمام شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں بڑی تعداد میں اراکین جمعیۃ علماء،سماجی وملی سرکردہ افراد اور مقامی ذمہ داران نے شرکت کی۔جن میں مولانا مبارک ندوی،مفتی احمد قاسمی،مفتی شرف الدین قاسمی،حافظ شمس الحق،حافظ عبد الباری،حافظ عبد الرشید اور اسلم بھائی قابل ذکر ہیں۔

 

جمعیۃ علماء مہاراشٹر 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا