English   /   Kannada   /   Nawayathi

جموں کشمیر :اٹھارہ ماہ بعد ۴ جی انٹرنیٹ پر لگی پابندی کا ہوا خاتمہ

share with us

:06 فروری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)جموں و کشمیر میں اٹھارہ ماہ بعد تیز رفتار انٹرنیٹ 4 جی سروس بحال کر دی گئی ہے۔

اس سلسلہ میں گزشتہ روز جموں و کشمیر انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے فور جی سروس بحال کرنے کی اطلاع دی تھی، تاہم ٹویٹ میں بحالی کا وقت مقرر نہیں تھا۔

بعدازاں خطے کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک ٹویٹ جاری کیا، جس میں انہوں نے فور جی سروس کی بحالی کے لئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات دس بجے کے بعد جموں و کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔

ادھر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں 4 جی سروس پوسٹ پیڈ سم کے لیے ہی بحال کی گئی ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پری پیڈ صارفین 'ویری فیکیشن' کے بعد ہی ان سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 7 جنوری کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو آنے والے دنوں میں فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے ایک اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'عدالت کی ہدایت پر ایک کمیٹی بنی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بھی ایک اچھی خبر سننے کو ملے گی'۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی نیم خود مختار ریاست کی حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم 16 اگست 2020 کو جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئی تھیں۔

گاندربل اور ادھمپور میں فور جی انٹرنیٹ بحال کرنے سے ایک ہفتہ قبل مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 15 اگست کے بعد فور جی انٹرنیٹ تجرباتی طور پر بحال کی جائیں گی اور صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں باقی اضلاع میں فور جی انٹرنیٹ مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے نہ تو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر کوئی اثر پڑا ہے اور نہ ہی تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

عام لوگوں کا کہنا ہے کہ مواصلاتی کمپنیاں صارفین سے فور جی موبائل انٹرنیٹ کے چارجز تو وصولتے ہیں لیکن انہیں ٹو جی وبائل انٹرنیٹ ہی فراہم کیا جاتا ہے

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا