English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹرا میں ۳۱ جولائی تک نہیں کھلیں گی عبادتگاہیں ، عید الاضحی سے متعلق فیصلہ جلد

share with us

:06 جولائی2020(فکروخبر/ذرائع)مہاراشٹرمیں مشن بگن اگین (نئی شروعات) کے تحت معیشت کو رفتار دینے کیلئے پابندیوں میں دی جارہی رعایت  کے پیش نظر امیدکی  جارہی تھی کہ حکومت اس درمیان مساجد اور دیگر عبادتگاہوں کو کھولنے کابھی فیصلہ کرسکتی ہے مگر اتوار کو اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک  نے کورونا وائرس  ’کووڈ-۱۹‘ سے متعلق   ریاست  کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ۳۱؍ جولائی سے قبل اس کی کوئی امید نہیں ہے۔  انہوں نے بتایا کہ عبادتگاہوں   سے متعلق  فیصلے پر لاک ڈاؤن -۵؍  کے خاتمے تک کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ 
  واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلے میں  حالانکہ نہ کوئی بڑی راحت دی گئی نہ نئی پابندی عائد کی گئی مگر ان علاقوں  میں مکمل لاک ڈاؤن کیا  جارہا ہے جو کورونا سے زیادہ متاثر ہیں۔  مشن بگین اگین  کے تحت  شہری آس لگا ئے بیٹھے تھے کہ اب عبادت گا ہیں کھولنے کےسلسلے میں حکومت شاید کوئی فیصلہ کرے اور وہ مساجد میں عبادت کرسکیں گے کیونکہ مئی کےاخیر میں ریاستی حکومت کے وزراء نے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے جون کے ختم ہونے پر غور کرنے کی بات کہی تھی لیکن۵؍جولائی کے بعد بھی کچھ واضح نہیں کیا گیااور نہ ہی اب تک عید قرباں میں قربانی کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت کی گئی ہے۔ ا ن دونوں اہم مسائل کے  تعلق سے  حکومت کو متعدد مکتوب دیئے گئے ہیں اور  ملاقاتیں کی  گئی ہیں۔  اب تک اس سلسلے میں مطلع صاف نہ ہونے پر نمائندہ انقلاب نے جب  اقلیتی امور کےوزیر نواب ملک سے  رابطہ قائم کیا اور اس ضمن میں  استفسا ر کیا تو انہوں  نے بتایا کہ ’’  ممبئی اور ریاست  بھر میں کوروناکی وجہ سے   اس وقت جو حالات ہیں ان کے سبب عبادت گاہوں اور مساجد کو کھولنے کے فیصلے میں۳۱؍  جولائی تک کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔‘‘ انہوں  نے بتایا کہ ’’ یہی  صورت حال برقرار رہے گی۔ مساجد میں  جس طرح صرف عملہ نماز ادا کررہا ہے اسی طرح ادا کرتا رہےگا۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’۳۱؍ جولائی کےبعد کیا حالات ہوں گے اسے دیکھا جائے گا اس کے بعد غور کیا جائے گا۔‘‘
   قربانی کے تعلق سے  انہوں نے بتایا کہ ’’حالات کا جائزہ لےکر آج کل میں اس تعلق سے بھی حکومت کی جانب سے اعلان کردیا جائےگا کہ قربانی کیلئے کیا طریقہ ہوگا اور لوگ کن پابندیوں اور  احتیاط کے ساتھ کس طرح سنت ابراہیمی کو ادا کرسکیں گے ۔‘‘ واضح رہے کہ عید قرباں کے تعلق سے عوام میں شدید بے چینی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران جانور کس طرح  آئیں گے اوران کی خریدوفروخت کا کیا نظم ہوگا۔  ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکومت کو  اس ضمن میں  مختلف مشورے ملے ہیں جن کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائےگا۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا