English   /   Kannada   /   Nawayathi

پاکستانی کرکٹر شاہد افریدی کے کورونا پوزیٹیو ہونے کی خبر سے مداح پریشان

share with us

:14 جون2020(فکروخبر/ذرائع)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کورونا وائرس کے شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبیعت چند دنوں سے ناساز تھی اور ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بدقسمتی سے مثبت پائی گئی ہے۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’میری طبیعت جمعرات سے ناساز تھی، بدن میں شدید درد تھا۔ میرا کورونا کا ٹیسٹ کیا گیا اور بدقسمتی سے رپورٹ مثبت پائی گئی۔‘‘ شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے سابق کپتان اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب و نادار طبقے کی مدد کے لیے مسلسل ملک کے مختلف صوبوں اور دور دراز علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے اپنے فلاحی کاموں کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات، پاک مقبوضہ کشمیر، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں مستحق افراد میں امداد تقسیم کی تھی۔

گزشتہ دنوں شاہد آفریدی بلوچستان کے دورے پر تھے جہاں ان کی ایک بچے کو جوتے پہناتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور لوگوں نے ان کے اس اقدام کو بہت سراہا تھا۔ جب کورونا وائرس کی وبا ملک بھر میں پھیلنا شروع ہوئی تھی تو سابق مایہ ناز آل راؤنڈر نے تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شاہد آفریدی اور ان کی فاؤنڈیشن کی انہی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے ان کی فاؤنڈیشن کے لیے عطیات دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، اس پر ہندوستان میں تنازعہ بھی کھڑا ہو گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ان کا مستقبل میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ان کے فلاحی کاموں کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں سیاست کا مقصد حقدار کو اس کا حق دینا سمجھتا ہوں اور وہ سیاست میں کر رہا ہوں۔

اس درمیان شاہد آفریدی کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر ملنے کے بعد کئی ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے دعا کی۔ محمد حفیظ، سہیل تنویر اور کامران اکمل نے آفریدی کے ٹوئٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد کورونا کو شکست دیں گے۔ محمد حفیظ نے لکھا ہے کہ "آپ فطری طور پر ایک فائٹر ہو اور مجھے پوری امید ہے کہ لڑو گے اور اس وائرس کو شکست دو گے۔" کامران اکمل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "انشاء اللہ آپ جلد صحت یاب ہو جاؤ گے۔ آپ کی طویل عمر اور صحت کے لیے دعاء گو ہوں۔"

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا