English   /   Kannada   /   Nawayathi

صرف مسلم فریق سے سوال کئے جاتے ہیں ہندو فریق سے کیوں نہیں : مسلم فریق کے وکیل کا اعتراض

share with us

نئی دہلی :14اکتوبر2019(فکروخبر/ذرائع)سپریم کورٹ کی آئینی بینچ کے سامنے آخری مرتبہ پیش ہوتے ہوئے مسلم فریق کے وکیل راجیو دھون نے بنچ سے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ جو بھی سوال پوچھے جاتے ہیں وہ مسلم فریق سے ہی پوچھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیس کی سنوائی کے دوران تمام سوال ہم (مسلم فریق) سے ہی کیے جاتے ہیں۔ کبھی ہندو فریق سے سوال نہیں کیے جاتے۔‘‘ راجیو دھون کے اس بیان پر جسٹس جے ایس ویدیاناتھن نے اعتراض جتاتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے پرہیز کیا جانا چاہیے اور یہ غیر ضرورری ہے۔

اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے راجیو دھون نے کہا کہ آرکیولوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی رپورٹ میں مندر انہدام کرنے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ تالا کھلنے کے بعد بھی ہندوؤں کا وہاں پر قبضہ نہیں رہا، ہندوؤں کے پاس صرف پوجا (عبادت) کرنے کا حق تھا۔ اس پر جب جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا ’’اگر ان (ہندوؤں) کے پاس عبادت کا حق تھا تو یہ آپ کی ملکیت کے دعوے کو ختم کرتا ہے‘‘۔ جسٹس بوبڈے کے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے دھون نے سمجھانے کے انداز میں کہا ’’میں زمین کا مالک ہوں اور اگر کوئی مجھ سے کہے کہ کیا میں ہاتھ دھو سکتا ہوں اور میں اس کی درخواست مان لیتا ہوں۔ بس یہ معاملہ ایسا ہی ہے۔‘‘

راجیو دھون نے کہا کہ یہ معاملہ قصہ کہانیوں والا نہیں ہے یہ معاملہ حقیقی بنیادوں پر ہے۔ آرکیولوجیکل سروے ایک سائنس ہے اور جو دوسرے فریق ذکر کر رہے ہیں وہ قصہ کہانیوں کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا ’’یہاں قصہ کہانیوں کے ذریعہ اپنا دعوی کیا جا رہا ہے۔ میں کسی مسافر کی ڈائری یا عقیدہ کی بات نہیں کروں گا، میں صاف الفاظ میں کہوں گا کہ ہندوؤں کا کوئی مکمل قبضہ نہیں ہے، ان کے پاس صرف باہری حصہ پر پوجا کا حق تھا۔‘‘ دھون نے کہا کہ متنازعہ زمین پر مستقل ہمارا (مسلم فریق) قبضہ رہا ہے اور 1989 سے پہلے ہندو فریق نے کبھی زمین کے مالکانہ حق کا دعوی بھی پیش نہیں کیا۔ جبکہ 1986 میں رام چبوترے پر مندر بنانے کے لئے مہنت دھرم داس کے مطالبہ کو فیض آباد کی عدالت خارج کر چکی ہے۔

راجیو دھون نے کہا کہ ہندو فریق نے کبھی مالکانہ حق کا نہ دعوی کیا اور نہ مطالبہ کیا، جبکہ مسلم فریق کو اس تعلق سے گرانٹ بھی ملی جو یہ ثابت کرتی ہے کہ زمین کا مالکانہ حق ہمارے(مسلم فریق) پاس ہے اور مسجد پر ناجائز قبضہ کرنے کی کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 1992 ایک حقیقت ہے جس کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنبد کے نیچے رام کی پیدائش ہونے کا دعوی کبھی ثبت نہیں ہو پایا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا