English   /   Kannada   /   Nawayathi

کیا جیل میں بند لالو یادو سے خوفزدہ ہوگئی ہے بہار این ڈی اے سرکار

share with us

بہار :03اپریل2019(فکروخبر/ذرائع)بہار میں کانگریس-آر جے ڈی مہاگٹھ بندھن سے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے بری طرح خوفزدہ ہے۔ ’امر اجالا‘ میں شائع ایک خبر کے مطابق بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یو سربراہ نتیش کمار نے الزام عائد کیا ہے کہ لالو یادو جیل میں رہتے ہوئے بھی انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جیل کے اندر سے ہی لوگوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔ نتیش کے اس الزام کے بعد جھارکھنڈ پولس کم از کم دو بار جھارکھنڈ کے ریمس میں داخل لالو یادو کے وارڈ کی تلاشی لے چکی ہے۔

اخبار کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں لالو یادو کے وارڈ کی دو مرتبہ تلاشی لی گئی ہے۔ رانچی کے سٹی ایس پی اور صدر ڈی ایس پی کی قیادت میں پولس فورس نے ریمس میں لالو کے وارڈ کی گھنٹے بھر تلاشی لی۔ اس دوران پولس کے ہاتھ کچھ بھی نہیں لگا۔ ذرائع کے مطابق پولس کو لالو کے وارڈ سے کسی طرح کا موبائل یا دیگر کوئی قابل اعتراض سامان نہیں ملا۔

اس سے پہلے ہفتہ کے روز بھی لالو کے وارڈ کی تلاشی لی گئی تھی۔ دراصل نتیش کمار نے ایک نیوز چینل سے بات چیت کے دوران کہا تھا کہ ’’یہ تو لوگوں کو پتہ ہی ہے کہ لالو جی جیل میں رہنے پر بھی جیل سے بات کرتے رہتے ہیں۔ قانون ہے کہ جیل میں رہتے ہوئے آپ (فون پر) بات نہیں کر سکتے۔ لیکن سچائی سب کو معلوم نہیں ہے۔‘‘

نتیش کے اس بیان کا لالو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے تردید کی تھی۔ انھوں نے اسے بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا تھا کہ نہ تو لالو سے کبھی فون پر بات ہوئی اور نہ ہی جیل میں فون کا استعمال ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’ریمس اسپتال میں جہاں میرے والد جی رہتے ہیں، وہاں چیکنگ بھی ہوتی ہے۔ جیل کے قوانین پر ہمارے والد عمل کرتے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ کے رانچی واقع ریمس میں علاج کرا رہے لالو سے ملنے کی خواہش رکھنے والوں کی ہر ہفتہ کے روز ان سے وہاں ملاقات کرائی جاتی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا