English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایک سگریٹ میں کیا کچھ ہوتا ہے، سات ہزار مہلک کیمیائی مادے

share with us

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ سرطان سمیت کئی جان لیوا بیماریوں کی وجہ بننے والی تمباکو نوشی حقیقتاﹰ کتنی مہلک عادت ہے اور ایک سگریٹ میں کیا کیا کچھ ہوتا ہے؟ اس سوال کا جواب ہے، سات ہزار کے قریب انتہائی مضر صحت کیمیائی مادے۔

تمباکو نوشی کے مضر صحت اثرات پر یوں تو دنیا کے تقریباﹰ سبھی ممالک میں بہت زیادہ تحقیق کی گئی ہے اور ابھی تک کی جا رہی ہے، لیکن اس سلسلے میں آئرلینڈ کی کینسر سوسائٹی اور امریکا میں پھیپھڑوں کے امراض پر تحقیق کرنے والی امریکن لَنگ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار اس امر کی مزید ایک بار تصدیق کرنے کے لیے بہت کافی ہیں کہ کسی تمباکو نوش انسان کی وجہ سے خود اسے اور اس کے ارد گرد موجود دیگر انسانوں اور ماحول کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔

ان دونوں تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق کوئی بھی سگریٹ نوش انسان جب تمباکو نوشی کرتا ہے، تو اس کے جسم میں اس عمل کی وجہ سے داخل ہونے والے کیمیائی مادوں کی تعداد قریب سات ہزار تک ہوتی ہے۔ آپ بھی جانیے کہ ان مہلک کیمیائی مادوں میں سے زیادہ اہم اور خطرناک ترین کیمیکلز کون کون سے ہیں:

ایسیٹون: یہ کیمیائی مادہ کتنا مضر صحت اور زود اثر ہوتا ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہی کیمیکل خواتین اپنے ناخنوں سے نیل پالش اتارنے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

ایسیٹک ایسڈ: یہ کیمیکل ایک بہت تیز ڈائی ہے، جو بالوں کو رنگنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

امونیا: یہ بہت تیز بو والا ایک ایسا کیمیکل ہے، جو عام گھروں میں صفائی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

سنکھیا: یہ زہر چوہے مار ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

بینزین: یہ ایک ایسا کیمیکل ہے، جو ربڑ سے بنی سیمنٹ مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بیوٹین: یہ ایک کیمیائی ایندھن ہے، جس سے چھوٹے دستی لائٹروں کو بھرا جاتا ہے۔

کیڈمیم: یہ ایک ایسا کیمیائی مادہ ہے، جو مختلف بیٹریوں کی تیاری میں تیزاب بنانے کے لیے مرکزی عنصر کا کام کرتا ہے۔

کاربن مونو آکسائید: کاربن مونو آکسائیڈ وہ مہلک گیس ہے، جس میں زیادہ دیر تک سانس لینے سے انسان کی موت واقع ہو سکتی ہے۔ یہ گیس پٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے انجن سے خارج ہونے والے دھوئیں کا ایک اہم جزو ہوتی ہے۔

ای سگریٹ: اچھا متبادل یا مضر صحت؟

ایک پُر کشش گناہ؟

اکتیس مئی 2014ء، انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن۔ اس روز کئی لوگ تمباکو نوشی کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیر باد کہنے کا عزم کریں گے۔ اس سلسلے میں بہت سے لوگ ای سگریٹ کی مدد لیتے ہیں، جن کی فروخت دنیا بھر میں بڑھ رہی ہے۔ ای سگریٹ بغیر کسی احساسِ جرم کے، بغیر بُو دار دھواں چھوڑے اور بغیر اپنی صحت کو خطرے میں ڈالے پی جا سکتی ہے، کم از کم ای سگریٹ بنانے والے یہی دعویٰ کرتے ہیں۔

 

فارمیلڈیہائیڈ: فارمیلڈیہائیڈز ایسے کیمیکلز ہوتے ہیں، جو مردہ جانداروں کی لاشوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بطور محلول استعمال ہوتے ہیں۔

ہیکسامین: یہ بہت تیز کیمیائی مادہ اس محلول کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے عام گھروں میں گوشت وغیرہ کو باربی کیو کرنے کے لیے گرِل میں آگ لگائی جاتی ہے۔

سیسہ: یہ مضر صحت مادہ کئی طرح کی بیٹریوں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے، اور اسے سے بنائی گئی ’لَیڈ بیٹریوں‘ سے تو ہر کوئی واقف ہوتا ہے۔

نیفتھالین: یہ کیمیائی مادہ گولوں کی شکل کی ان زہریلی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے، جو کیڑے مکوڑے مارنے کے کام آتی ہیں اور ’موتھ بالز‘ کہلاتی ہیں۔

میتھینول: میتھینول ایک بہت زہریلا کیمیائی مائع ہوتا ہے، جو راکٹوں میں ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

نکوٹین: نکوٹین ایسا بہت زود اثر زہر ہے، جو حشرات کو مارنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

تارکول: سگریٹ کے دھوئیں میں پایا جانے والا تارکول وہی کیمیائی مادہ ہے، جو سڑکوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

ٹولُوئین: ٹولُوئین ایک ایسا کیمیائی مادہ ہے، جو صنعتی پیمانے پر مختلف طرح کے پینٹ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ فہرست سگریٹ کے دھوئیں میں پانے جانے والے صرف سولہ بہت زہریلے کیمیائی مادوں کی ہے، تمباکو نوشی کے باعث کسی بھی تمباکو نوش کے جسم میں پہنچنے والے چھ ہزار نو سو اسی سے زائد دیگر زہریلے کیمیائی مادے ان کے علاوہ ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا