English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل تنظیم نے پلوامہ حملہ کی مذمت تحصیلدار کے توسط سے وزیراعظم کوپیش کیا میمورنڈم :ویڈیو

share with us

بھٹکل 16؍ فروری 2019(فکروخبر نیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے آج تحصیلدار کے توسط سے وزیر اعظم کے نام ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کشمیر کے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کی سخت مذمت کی گئی اور اس حملہ میں اپنی جان گنوانے والے جوانوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ میمورنڈم پیش کرنے سے قبل تحصیلدار دفتر کے باہر بڑی تعداد میں عوام جمع ہوگئے جو اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھائے ہوئے تھے جس میں حکومت کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور اس معاملہ میں حکومت کو مکمل تعاون دئیے جانے کی یقین دہانی کیے جانے والے الفاظ درج تھے۔ 


میمورنڈم میں شدید الفاظ میں حملہ کی مذمت کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ہم ملک کی سلامتی کے ساتھ کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ چند سال قبل بھی پارہ ملٹری کے 350جوان اپنی جان گنوا بیٹھے تھے ، اس لیے حکومت ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے اور نوجوانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ میمورنڈم میں تنظیم نے جوانوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا بھی اعلان کیا۔ 
اس موقع پرذمہ داروں نے شدید الفاظ میں اس حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس حملہ کے پیچھے کارفرما عوامل کی تحقیقات کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچائیں۔ ذمہ داروں نے اس وقت اس بات کا بھی برملا اظہار کیا کہ حکومت سے ہمارا نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ایسے کارروائیوں کے خلاف قدم اٹھانے میں ہمارا بھر پور تعاون رہے گا اور اس کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ 
تنظیم کے نائب صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا اس حملہ کی تصاویر اور ان کے اہلِ خانہ کے غم سے نڈھال مناظر دیکھ کر ہمیں کافی افسوس ہوا، ہم ایسے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیر اعظم سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملہ میں حکومت کا پورا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں ، حتی کہ اپنی جان تک دینے بھی ہم دریغ نہیں کریں گے۔ 
ڈاکٹر حنیف شباب نے کہا کہ حکومت پر جب بھی کوئی مصیبت آتی ہے ہم اپنے تمام اندرونی مسائل کو بالائے طاق رکھ کر بغیر کسی بھید بھاؤ ہم ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ہمارے اپنے اندرونی مسائل سے ہم نمٹ لیں گے لیکن بیرونی دشمنوں کا ہمارے طرف آنکھ اٹھاکر دیکھنا کبھی گوارا نہیں کریں گے۔ ملک کی سلامتی اصل چیز ہیں اور اس پر کبھی آ نچ آنے نہیں دیں گے۔ 
اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری نے کہا کہ ہم نے بہت ہی کم وقت میں اس میمورنڈم دینے کا فیصلہ کیا اور ہمارے عوام سے جمع ہونے کی درخواست کی ۔ ماشاء اللہ بہت بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے ہم ان کے نہایت مشکور ہیں۔
جناب رضا مانوی اورمولانا یاسر برماور ندوی نے بھی شدید الفاظ میں حملہ کی مذمت کی ۔ تحصیلدار وی این بھاٹکر نے میمورنڈم کو ڈپٹی کمشنر کے توسط سے وزیر اعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا