English   /   Kannada   /   Nawayathi

داعش کے ہم خیال ہونے کے الزام میں اورنگ آباد اور ممبرا سے گرفتار مسلم نوجوانوں کو 14؍ دن کی پولس تحویل

share with us

جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے قانونی امداد فراہم کی

ممبئی23جنوری 2019 (فکروخبر /ذرائع) مہاراشٹر کے اورنگ آباد اور ممبئی سے قریب مسلم آبادی والے ممبرا سے گرفتار ۹؍ مسلم نوجوانوں کو آج اورنگ آباد کی خصوصی یو اے پی اے عدالت نے۱۴؍ دنوں کے لیئے پولس تحویل میں دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے نیز اس معاملے میں گرفتار کم سن ملزم کو جوئنائل جسٹس ہوم میں بھیج دیا گیا۔
اس معاملے میں گرفتار ملزمین محسن، مظہر، محمد تقی، محمد سرفراز عثمانی، جمال نواب کو بروقت قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آج تمام ملزمین کو یو اے پی اے عدالت کے جج چودھری نے مہاراشٹر انسداد دہشت گرد دستہ (اے ٹی ایس)کی جانب سے گرفتار ملزمین کو ۱۴؍ دنوں کی پولس تحویل میں دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔ اے ٹی ایس نے ملزمین پر الزام عائد کیا کہ وہ ممنو ع تنظیم داعش کے ہم خیال ہیں اور وہ ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینا چاہتے ہیں ۔
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ خضر پٹیل نے ملزمین کے دفاع میں اپنا وکالت نامہ عدالت میں داخل کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف لگائی گئی دفعات پر اعتراض کیا اور عدالت کو بتایا کہ یو اے پی اے قانون کی جن دفعات کا اطلاق کیا گیا وہ غیرآئینی ہیں۔
اسی درمیان ایڈوکیٹ خضر پٹیل نے عدالت سے ملزمین کے میڈیکل چیک اپ کیئے جانے اورانہیں دوران تحویل وکلاء اور ملزمین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت طلب کی۔
داعش کے ہم خیال ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار ملزمین کی گرفتاری پر اپنے رد عمل کا اظہا کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزا ر اعظمی نے کہا کہ ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن جس طرح کی کہانی اے ٹی ایس نے بنا کر پیش کی ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ ملزمین کو صرف شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمین کے دفاع میں جمعیۃعلماء نے ایڈوکیٹ خضر پٹیل کی سربراہی میں وکلاء کی ایک ٹیم تیار کی ہے جو معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے نیز دہشت گردانہ معاملات کے تجربہ کار وکلاء (ممبئی و دہلی) سے بھی صلاح و مشورہ کیا جارہا ہے۔

 

جمعیۃ علماء مہاراشٹر

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا