English   /   Kannada   /   Nawayathi

جرمن حکومت مہاجرین کے انضمام کے لیے اضافی 15ارب یورو فراہم کرے گی

share with us

اضافی وسائل کی فراہمی کے لیے آج کابینہ اجلاس میں بل پیش کیاجائیگا،منظوری کے قوی امکانات ہیں،،جرمن اخبار 


برلن:09؍اکتوبر2018(فکروخبر/ذرائع)جرمنی کی وفاقی حکومت نے مہاجرین کا سماجی انضمام یقینی بنانے کے لیے صوبوں اور بلدیات کو مزید رقم مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت آئندہ تین برسوں میں مقامی حکومتوں کو اس ضمن میں 15 بلین یورو مہیا کرے گی۔جرمن اخبار کے مطابق جرمنی میں مہاجرین کے سماجی انضمام کے لیے حکومت کی جانب سے مستقبل میں اضافی رقوم مختص کی جائیں گی۔ وفاقی جرمن حکومت مہاجرین کے انضمام پر زیادہ توجہ صرف کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں ایک بل بدھ کے روز وفاقی کابینہ میں پیش کیا جانا ہے اور قوی امکانات ہیں کہ اسے منظور کر لیا جائے۔رپورٹ کے مطابق سن 2019 سے لے کر سن 2022 کے درمیان وفاقی حکومت جرمنی کی مختلف ریاستوں اور بلدیات کو مہاجرین کے سماجی انضمام کے حوالے سے سرگرمیاں بڑھانے کے لیے پندرہ بلین یورو فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔واضح رہے کہ جرمن حکومت مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے جو رقوم خرچ کر رہی ہے، سماجی انضمام پر آنے والے اخراجات اس کا صرف ایک حصہ ہیں۔ وفاقی جرمن حکومت کی منصوبہ بندی کے تحت سن 2022 تک مجموعی طور پر 78 بلین یورو خرچ کیے جانا ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ رقم، یعنی تقریبا اکتیس بلین یورو ہجرت کی وجوہات کے انسداد کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ یہ رقوم مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر خطوں میں جنگ و جدل کے خاتمے، ان خطوں میں ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور دیگر عوامل پر خرچ کی جانی ہیں۔ قریب اکیس بلین یورو مہاجرین کو فراہم کی جانے والی سماجی امداد کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے وہ جرمنی میں روز مرہ کی زندگی پر اٹھنے والے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کے اندازوں کے مطابق اس دوران کم از کم تیرہ بلین یورو مہاجرین کو جرمن زبان سکھانے کے لیے درکار ہوں گے۔علاوہ ازیں جرمن حکومت کے اندازوں کے مطابق رواں سال تقریبا دو لاکھ مہاجرین جرمنی کے اندر ہی ایک شہر یا ریاست سے دوسرے شہر منتقل ہوں گے جبکہ سن 2022 تک ملک کے اندر ہی نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد کم ہو کر ڈیڑھ لاکھ تک رہ جائے گی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا