English   /   Kannada   /   Nawayathi

گجرات: گائے کا کنکال نہیں پھینکنے پر دلت خاتون سمیت پورے کنبہ کی پٹائی(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

سنگیتا اور دو دیگر خواتین سمیت 6 لوگوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں ،سنگیتا کو پالن پور سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ معمولی طور پر زخمی ہوئے نلیش ​​اور دیگر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ بناس كانٹھا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج کے مطابق پولیس فوری طور پر گاؤں میں پہنچی اور چند گھنٹوں میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار لوگوں کی شناخت بتاور سنگھ چوہان، مكنو سنگھ چوہان، يوگي سنگھ چوہان، باورسنگھ چوہان، دلويرسنگھ چوہان، اور نریندرسنگھ چوہان کے طور پر کی گئی ہے۔ ایس پی کے مطابق گاؤں میں کشیدگی بڑھنے کی وجہ سے پولیس نے سیکورٹی سخت کر دی ہے اور گشت بڑھا دی ہے۔


2اکتوبر کو یوم مخالف دہشت گردی منانے مسلم لیگ کا فیصلہ 

گلبرگہ۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع) انڈین یونین مسلم لیگ کی قومی عاملہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق گلبرگہ میں 2اکتوبر کو انڈین یونین مسلم لیگ ضلع گلبرگہ کے زیر اہتمام جلسہ یوم مخالف دہشت گردی منعقد کیا جائے گا۔ اس جلسہ کو کامیاب بنانے اور اس کی تیاریوں کو قطعیت دینے آج بعد نماز ظہر دفتر مسلم لیگ نیا محلہ میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔جلسہ یوم مخالف دہشت گردی میں تمام سیکولر پارٹیوں کے صدور اور دانشواران کو مقررین کی حیثیت سے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مولانا محمد نوح ضلعی صدر نے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔عبد الرشید لنجے ،خواجہ صدر الدین پٹیل ضلعی نائب صدور ،حافظ محمد اقبال اور دیگر عہدیداران و اراکین نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔


گلبرگہ میں مسلم خواتین کی دستخطی مہم چلانے کا اعلان 

گلبر گہ۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر گلبرگہ کی مختلف ملی تنظیموں نے قانون شریعت کی حمایت میں خواتین کی دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔انڈین یونین مسلم لیگ ، کل ہند مجلس تعمیر ملت ، آل انڈیا ملی کونسل ،حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم ،سٹی زن ویلفیر سوسائٹی ،حیدرآباد کرناٹک مسلم فورم یہ مہم چلائیں گی۔ ان ملی تنظیموں کے عہدیداران و ذمہ داران کا آج 11 بجے دن قائد ملت ہال متصل مرکزی دفتر انڈین یونین مسلم لیگ نیا محلہ گلبرگہ میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل کے تحت گلبر گہ شہر اور ضلع میں مسلم پرسنل لاء پر مکمل اعتماد کااظہار کرنے اور قانون شریعت کے ناقابل تبدیل ہونے کا اعلان کرنے کے لئے خواتین میں دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا محمد نوح ضلعی صدر مسلم لیگ ، عزیز اللہ سرمست مرکزی رکن عاملہ کل ہند مجلس تعمیر ملت ،مولانا محمد غوث الدین قاسمی ،مولانا جاوید عالم علیگ ،مولانامحمد شفیق احمد قاسمی آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ ،محمد معراج الدین کنونیر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم ،سید توفیق احمد دیسائی ،محمد احمد علی قریشی ،مقبول سگری سٹی زن ویلفیر سوسائٹی ،حاجی محمد اسلم سابق چیرمین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ ،حاجی عبد السلام رنگریز ضلعی خازن مسلم لیگ اور سید امیر شاہ درویش کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔ 


ملک کے موجودہ صورت حال کے تناظر میں جمعیۃ علماء ہند کا ۳۳واں اجلاس اجمیر میں

مہاراشٹر کے شرکاء ابھی سے اپنی نششتیں محفوظ کروالیں: مولانا حافظ ندیم صدیقی کی اپیل

ممبئی۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع) خواجہ غریب نواز کی نگری اجمیر میں جمعیۃ علماء ہند کا۳۳واں کل ہند دو روزہ اجلاس آئندہ ماہ ۱۲؍اور ۱۳؍ نومبر کو ہونے جارہا ہے ، جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ اس اجلاس کو ملک کے موجودہ صورت حال کے تناظر میں جبکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کا بازار گرم ہے، انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔مولانا حافظ ندیم صدیقی کی جانب سے جمعیۃ علماء کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملک کے جو مذہبی، قومی، سماجی، تعلیمی اور اقتصادی حالات ہیں، وہ کسی سے مخفی نہیں ہیں۔ قومی یکجہتی، مسلمانوں کے لئے ریزرویشن، دہشت گردی ، اتحادِ ملت ، ایک مخصوص طبقہ کے افکار و روایات کو پورے ملک کے باشندوں پر لادنے جیسے مسائل ایسے نہیں ہیں کہ ملک وملت کے بہی خواہان اسے زیادہ دنوں تک نظر اندازہ کئے رکھیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ملک میں جو صورت حال پیدا ہوئی ہے، اس نے ہمارے لئے کئی بنیادی سوالات پر غور وفکر کرکے ان کے جوابات تلاش کرنے کو ضرروی کردیا ہے۔ لہذا اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ پورے عزم وہمت اور اعتماد وبلند حوصلگی کے ساتھ صورت حال کا مقابلہ کیا جائے۔ان تمام مسائل وحالات پر غور کرکے مضبوط اور موثر لائحۂ عمل تیار کرنے کی غرض سے جمعیۃ کا یہ ۳۳واں اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔مولانا ندیم صدیقی کے مطابق فرقہ پرستوں کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلاف کو ابھارنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، ہم نے یہ اجلاس اجمیر میں اس لئے منعقد کیا ہے کہ تاکہ تمام مسلمانوں کے اندر یہ پیغام جائے کہ جمعیۃ کسی خاص فرکے یا مسلک کی علمبردار نہیں ہے ، بلکہ اس کا مطمح نظر تمام مسلمانوں کی فلاح وبہبود ہے ۔ اس اجلاس میں جہاں جمعیۃ کے سرکردہ رہنمایان شریک ہورہے ہیں وہیں تمام مسالک کی جانب سے اس میں بھرپور نمائندگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے رہنمایان بھی خصوصی طور سے شریک ہورہے ہیں تاکہ ملک کو امن وسلامتی کا پیغام دیا جاسکے۔ وہیں ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ بین المسالک و بین المذاہب اختلافات کو ہوا دینے والے فرقہ پرستوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ اس میں ہم اسی صورت میں کامیاب ہوسکتے ہیں جب تمام مسالک اور مذاہب کے لوگ اس اجلاس میں شریک ہوکر کوئی حتمی لائحہ عمل ترتیب دیں اور فرقہ پرستوں کی چالوں سے ملک کے انصاف پسندوں کو آگاہ کریں۔مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا ہے کہ اس اجلاس میں پورے ہندوستان سے لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ ہم اہلِ مہاراشٹر بھی اس اجلاس میں کثیر تعداد میں شریک ہورہے ہیں۔ جس کو جس طرح سہولت میسر ہو، اس اجلاس میں شرکت کرے اور ٹرین سے سفر کرنے والے حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اپنی آنے جانے کی نششتیں ابھی سے محفوظ کرلیں تاکہ عین وقت پر ہونے والی دشواریوں سے بچا جاسکے۔ اجلاس کی ترتیب کے بارے میں انہوں نے بتایا ہے کہ ۱۲؍نومبر کی صبح ۸ بجے پرچم کشائی کی جائے گی اور اس کے بعد اجلاس کی پہلی نششت شروع ہوجائے گی جو ظہر تک جار ی رہے گی۔ دوسری نشست بعد نماز مغرب شروع ہوگی جو دیر رات جاری رہے گی۔ اسی طرح دوسرے روز کا بھی پروگرام ہے۔ البتہ عمومی اجلاس دوسرے روز عصر کے بعد سے رات گئے تک جاری رہے گا، جس میں ہماری کوشش ہے کہ برادارانِ وطن کی کثیر تعداد کو شریک کرایا جاسکے۔ یہ دوروزہ اجلاس قائد اعظم وشرام استھل میدان میں منعقد ہوگا۔


تمل ناڈو کی وزیراعلی جے للتا ہسپتال میں داخل

چینئی۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع) انا ڈی ایم کے صدر اور تمل ناڈو کی وزیراعلی جے للیتا کو بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ انہیں کل رات شہر کے اپولو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کررہی ہے ۔ ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور انہیں جلد ہی ہسپتال سے رخصت کئے جانے کی امید ہے ۔ انکی علالت کے بارے میں سن کر انا ڈی ایم کے پارٹی کے وزیروں ، ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں کارکن ہسپتال پہنچے ۔ ہسپتال میں سخت پہرہ ہے ۔


کار کی بس سے ٹکر ۔ چار زخمی

تروملا۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)چار افراد اس وقت زخمی ہوگئے جب ان کی کار کی آج یہاں پاپاوناسنم روڈ پر سرکاری بس سے ٹکرہوگئی۔کار کے مسافر تمل ناڈو کے رہنے والے تھے اور حادثہ کے وقت پاپا وناسنم جارہے تھے ۔زخمیوں کو اسوانی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ چونکہ کار کے ائر بیگ کھل گئے تھے ۔ اس وجہ سے کار سوار بچ گئے تاہم معمولی چوٹیں آئی ہیں۔کیس درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے ۔


لیبیا میں اغوا دو ہندوستانی صحیح سلامت گھر لوٹے 

حیدرآباد۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)لیبیا میں گزشتہ سال جولائی میں دہشت گردوں نے حیدرآباد کے دو پروفیسروں کو اغواکرلیا تھا ۔آج صبح دونوں اپنے گھر لوٹ آئے ۔لیبیا کی سرتے یونیورسٹی میں پڑھانے والے پروفیسر گوپی کرشن اور پروفیسر بلرام کرشن وزارت خارجہ کے افسروں کے ساتھ یہاں پہنچے ۔پروفیسر گوپی کرشن کا گھر راگھویندر نگر ،ناچارام اور پروفیسر بلرام کا تھرملگیری میں واقعہ ہے ۔ان کے گھر لوٹنے سے گھر والے بے حد خوش ہیں۔ان دونوں پروفیسروں کو گزشتہ 29جولائی کو پرتشدد لیبیا میں اسلامک اٹیٹ کے دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا اور حال ہی میں انہیں رہا کیا گیا ہے ۔پروفیسر بلرام کی بیوی محترمہ شری دیوی نے ان کی صحیح سلامت رہائی کی مسلسل کوششوں کے لئے وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ساتھ ہی انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔


بہار کے اورنگ آباد میں ٹیچر کے قتل کے احتجاج میں سڑک جام،پتھراو

اورنگ آباد۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں اورنگ آباد ضلع کے شہر تھانہ علاقے میں ایک ٹیچر کے قتل کے احتجاج میں آج مشتعل لوگوں نے سڑک جام کردی اور پولیس پر پتھراو کیا۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کل رات شہر کے دھرم شالا موڑ پر واقع ایک مندر کے نزدیک کھڑے ڈی اے وی کے ٹیچر کملا کانت چوبے عرف کجو(30)کا اجیت سنگھ نے تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کردیاجس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔پولیس کے مطابق ٹیچر کے بھائی اور سینٹرل ریزرو فورس (سی آر پی ایف)کے جوان نیشی کانت چوبے کا کل کسی بات پر اجیت کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ذرائع نے بتایا ک اس سلسلے میں اجیت کے خلاف متعلقہ تھانہ میں قتل کا معاملہ درج کرایا گیا ہے ۔واقعہ کے بعد سے ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔اسی دران قتل کے احتجاج میں مشتعل لوگوں نے آج صبح سے دھرم شالا موڑکے نزدیک قومی شاہراہ نمبر 2 کو جام کردیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جب موقع پر پہنچی تو مشتعل لوگوں نے پتھراوکردیا۔صورت حال کو قابو کرنے کے لئے مزید پولیس دستے کو بلایا گیا ہے ۔


آسام میں کے پی ایل ٹی کے سات عسکریت پسند ہلاک

گوہاٹی۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع) آسام میں فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ مہم میں آج علی الصبح کاربي پیپلز لبریشن ٹائیگر (کے پی ایل ٹی) کے سات عسکریت پسند مارے گئے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، ریاستی پولیس اور فوج نے کاربي آنگلونگ ضلع میں ایک مشترکہ مہم چلائی۔ اس ضلع کے جنگلی علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے تھے ۔ اس مہم میں سات عسکریت پسند مارے گئے ۔ مہم میں ایک سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ۔ ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کے پاس سے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔کے پی ایل ٹی کاربي لونگري نیشنل لبریشن فرنٹ (کے ایل این ایل ایف) سے الگ ہونے والا گروپ ہے ۔ کے ایل این ایل ایف نے 11 فروری 2010 کو ہتھیار ڈال دئے تھے ۔ کے پی ایل ٹی اپنے قیام کے بعد سے قتل، اغوا اور وصولی کے معاملات میں شامل رہا ہے ۔


پاکستان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا:بی جے پی

کوزی کوڈے۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے آج یقین دلایا کہ مودی حکومت کے ذریعہ پاکستان کے خلاف سفارتی ،معاشی اور فوجی محاذ پر ناکہ بندی کرنے کی کارروائی کی جائے گی جس سے پاکستان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا اور آخر میں وہ دہشت گرد ملک قراردیا جائے گا۔کیرالہ کے شمالی ساحلی شہر میں پارٹی کی قومی کونسل کی میٹنگ میں حصہ لینے آئے پارٹی کے ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے یہاں یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ قومی سکیورٹی بھی ترقی کا اہم موضوع ہے ۔اس کے پیش نظر جموں و کشمیر میں اڑی کے واقعہ پر غوروخوض ایک سنجیدہ موضوع ہونا فطری ہوگا۔پاکستان کے ساتھ 1960 میں کئے گئے دریائے سندھ کے آبی معاہدے سے متعلق پوچھے جانے پر بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کیا کرے اور کیا نہیں ،پارٹی یہ نہیں کہے گی کیونکہ حکومت میں بھی پارٹی کے ہی رہنما ہیں مگرہر اس چیز کو دھیان میں رکھاجانا چاہیے جس سے پاکستان کو بھی اسی درد کانہ بھولنے والا احساس ہوسکے جو وہ ہندوستان کو دیتا ہے ۔بی جے پی کی نیشنل ایگزیکیٹو میٹنگ سے حکومت کو اس موضوع سے متعلق پیغام کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر سنگھ نے کہاکہ بی جے پی ملک کے موڈ سے واقف پارٹی ہے تو حکومت بھی ملک کے موڈ کو اچھی طرح سمجھتی ہے ۔جہاں تک میٹنگ کے پیغام کا سوال ہے توہم پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نعرے کو آگے بڑھائیں گے کہ ترقی کا فاعدہ ہر حال میں سماج کے آخری شخص تک پہنچے ۔قومی کونسل کی میٹنگ کا سلسلہ آج شام پارٹی کے جنرل سکریٹریوں کی میٹنگ کے ساتھ شروع ہوگیا۔پارٹی کے سربراہ امت شاہ کی صدارت میں اس میٹنگ کے ساتھ پارٹی کے عہدے داران کی بھی میٹنگ شروع ہوگی۔ان میٹنگوں میں کونسل میں پاس کئے جانے والے بلوں کے مسودے کو منظوری دی جائے گی۔کوزہی کوڈ کے سمندری ساحل پر کونسل کی میٹنگ کے لئے ''خوابوں کا شہر ''بنایا گیا ہے ۔تین دنوں تک شہر میں پولیس اور مرکزی سکیورٹی دستوں اور سمندر میں ساحلی محافظوں کے دستے اور فضائیہ کا سخت پہرا لگایا گیا ہے ۔وزیراعظم مسٹر مودی کل یہاں ایک بڑے عوامی جلسے کو خطاب کریں گے ۔امید ہے کہ اڑی حملے کے سلسلے میں وہ بحیرہ عرب کے ساحل سے پاکسان اور اس کے حامی ملکوں کو سخت پیغام دیں گے ۔ اڑی حملے کے بعد مسٹر مودی پہلی بارعوامی جلسے کو خطاب کریں گے ۔کوزہی کوڈ ایسا شہر ہے جہاں مذہب اسلام نے پہلی بار عرب سے باہر قدم رکھا تھا۔کالی کٹ کے ہندو راجہ نے عرب سے آئے پیغمبر محمدﷺکے پیروکاروں کو یہاں مسجد بنانے کے لئے زمین دی تھی۔مسلم اکثریتی آبادی والے عرب ملکوں کا اس علاقے سے گہرا تعلق ہے ۔یہاں کے لوگ بڑی تعداد میں خلیجی ملکوں میں کام کرتے ہیں۔


سیوان میں جیپ اور موٹر سائکل کی ٹکر میں دو افراد کی موت

سیوان۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں ضلع سیوان کے جی بی نگر تروارا تھانہ علاقے میں آج جیپ اور موٹر سائکل کے درمیان ہوئی براہ راست ٹکر میں دو افراد کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ سیوان۔بسنت پور مین روڈ پر جلال پور گاؤں کے نزدیک جیپ اور موٹر سائکل کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ہلاک شدگان کی شناخت اسی تھانہ علاقے کے وکاشی ٹولا کے رہنے والے ریاض عالم(25)اور فیروز احمد عرف لال بابو (23)کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور جیپ لے کرفرار ہوگیا۔اسی دوران حادثے کے احتجاج میں لوگوں نے لاش کے ساتھ مظاہرہ کرکے کچھ دیر کے لئے سڑک جام کردی تھی جسے پولیس نے ختم کروا دیا ہے ۔لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سیوان صدر اسپتال بھیج دی گئی ہیں۔


دو سڑک حادثوں میں چھ افراد ہلاک،پانچ زخمی

جالندھر۔ 25ستمبر(فکروخبر/ذرائع)پنجاب میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد سمیت چھ افراد کی موت ہوگئی اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔کوٹک پورا میں آج صبح ایک کار درخت سے ٹکرانے سے ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد کی موت ہوگئی اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔موصول اطلاع کے مطابق جلال آباد کاایک کنبہ صبح مکتسر سے فرید کوٹ جارہا تھاکہ اسی دوران کوٹک پورا کے نزدیک کار ڈرائیور کے قابو سے باہرہوگئی اور سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی جس سے گردیال سنگھ،اس کی بیوی،دو بیٹے اور ایک بیٹی کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی۔زخمی خاتون کو کوٹکپورا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ایک دیگر حادثے میں گزشتہ رات پٹھان کوٹ۔جالندھر سڑک پر واقع دسوہا مین ایک بے قابو ٹرک نے قومی شاہراہ پر کھڑے تقریباً چھ افراد کو بری طرح کچل دیا،جس میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ایک چار سالہ بچے سمیت چار افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔موصول اطلاعات کے مطابق دیررات ایک بے قابو ٹرک ہوشیار پور روڈ سے قومی شاہراہ سے گزر رہے لوگوں کو کچلتے ہوئے پرانی کچہری کی دیوار توڑ کر اندر گھس گیا۔ہلاک شدہ کی شناخت چیک مہرا کے رہنے والے ستندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکرلیا ہے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا