English   /   Kannada   /   Nawayathi

13 مسلم نوجوان 5فروری تک این آئی اے کی تحویل میں (مزید اہم ترین خبریں)

share with us

اطلاع کے مطابق این آئی اے کی خصوصی عدالت کے جج امرناتھ نے این آئی اے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے تمام ملزمین کو 5فروری تک اس کی تحویل میں دینے کا حکم جاری کیا جبکہ عدالت نے جمعےۃ علما ہندکی جانب سے داخل اس عرضداشت کوبھی منظور کر لیا جس میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ملزمین کا ہر 48گھنٹے کے بعد طبی معائینہ کرایا جائے اور اس کی رپورٹ عدالت میں طلب کی جائے نیز ملزمین کو ان کے والدین اور رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کی بھی اجازت دی جائے۔ واضح ہو کہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور یو اے پی اے کے تحت معاملہ درج کیا گیاہے ۔ جمعیۃ علما کی جانب سے مقرر کردہ وکیل ایم ایس خان ایڈوکیٹ نے ملزمین کو قومی تفتیشی ایجنسی کی تحویل میں دئے جانے کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ استغاثہ نے 9دسمبر2015 کو چند نا معلوم افراد کے خلاف داعش سے تعلقات قائم رکھنے کا معاملہ درج کیا تھا اور اب ان کو تحویل میں رکھے جانے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔اس سے قبل آج صبح سخت حفاظتی بندوبست میں تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا، جن میں عبدالاحد ولد محمد عبدالجلیل ( بنگلور) ،عمران ولد ندیم خان (اورنگ آباد، مہاراشر)، محمد افضل ولد مرحوم عبدالعلام (بنگلور)، محمد شرف معین الدین خان ولد محمد مسیح الدین خان( حیدرآباد)،مدبر ولد مشتاق شیخ (ممبرا ضلع تھانہ)،محمد علیم ولد محمد سلیم ( لکھنؤ)، سید مجاہد ولد سید حسین (ٹمکور کرناٹک)،سہیل احمدولد عمر فاروق (بنگلور) ،آصف علی ولد ایم ایم اسمعیل (کوئمبٹور تمل ناڈو)، نجم الہدیٰ ولد سیف الہدیٰ( کرناٹک)،محمد عبید اللہ خان ولد مشتاق احمد خان( حیدرآباد) ، محمد حسین ولد جمیل خان( ممبئی )اورابو حسن (ٹونک راجستھان )شامل تھے۔
اس سلسلے میں صدر جمعیۃمولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہمیں اللہ کی ذات سے امید ہے کہ جس طرح اس سے قبل عدالتوں سے ہمیں انصاف ملا ہے، انشا اللہ اسی طرح اس مقدمہ میں بھی تمام ملزمین بے گناہ ثابت ہوں گے۔جمعیۃعلما ہند انہیں مکمل قانونی امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی تفتیشی ایجنسیاں مختلف الزامات عاید کر کے مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرتی رہی ہیں لیکن ان کے جھوٹ کا پلندہ عدالت میں کھلتا رہا ہے اور ملزمین عدالت سے با عزت بری ہوتے رہے ہیں ۔جمعیۃعلما ہند کی جانب سے اس معاملہ میں تین وکلا ء کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی قیادت معروف کریمنل وکیل ایم ایس خان کر رہے ہیں ۔


جموں میں سردی نے 71 سال کا ریکارڈتوڑا دیا 

جموں۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع )ریاست جموں کشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سردی کی شدید ترین لہر جاری ہے اور سوموار کو جموں میں سال 1945 کے بعد اب تک کا سب سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارات نقطہ نظر سے بمشکل نصف ڈگری اوپر ریکارڈ کیا گیا ۔نمائندے کے مطابق جموں شہر میں گزشتہ ایک ہفتے سے لوگ کڑاکے کی سردی سے دو چار ہیں جبکہ سوموار کو مسلسل گھنے دھند کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صبح دیر گئے تک معمولات بُری طرح متاثر رہی ۔ادھر محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ جموں میں 27 جنوری تک موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاجموں شہر میں 27 جنوری تک دوبد اور سرد ہوائیں جاری رہیں گی۔گھنے دھند کی وجہ سے جموں شہر آنے جانے والی ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور کچھ کے وقت میں تبدیلی کیا گیا ہے۔جموں شہر میں سوموار کو کم از کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کٹرا میں کم از کم درجہ حرارت 4.9 ڈگری، بٹوت میں 1.9 ڈگری، بانہال میں 0.1 ڈگری اور اودھم پور میں 0.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں بھدروامیں کم از کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سیلسیس نیچے رہا۔جموں میں مسلسل دھند اور شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرمی کپڑوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔


پاکستان پٹھانکوٹ حملے کے ذمے داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لائے 

فرانس دہشت گردی کیخلاف جنگ بھارت کے ساتھ مل کرلڑنے کا عزم رکھتاہے /فرانسی صدر 

نئی دہلی۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع )پاکستان پٹھانکوٹ حملے کے ذمے داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لائے کی بات کرتے ہوئے بھارتی دورہ پر پہنچے فرانس کے صدر فرانسواولاندکا کہنا ہے کہ فرانس دہشت گردی کیخلاف جنگ بھارت کے ساتھ مل کرلڑنے کا عزم رکھتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فرانس کے صدر فرانسواولاند بھارت کے3 روزہ دورے پرگئے ہیں۔ چندی گڑھ میں انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی کیساتھ انڈیا، فرانس بزنس سمٹ میں شرکت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدراور بھارتی وزیر اعظم کی موجودگی میں بھارتی اورفرانسیسی کمپنیوں کے درمیان16 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔میڈیاکے مطابق فرانسیسی صدرفرانس واولاند کا کہناہے کہ بھارت پاکستان سے پٹھانکوٹ حملہ آوروں کیخلاف اقدامات کرنے کے مطالبے میں حق بجانب ہے۔ میڈیاکے مطابق دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مددفراہم کرنے کیلئے فرانس اوربھارت کے درمیان جدید جنگی لڑاکا طیاروں کے معاہدے پربات چیت بھی متوقع ہے۔


پولیس ہیڈکوارٹر کے شاہی قبرستان کی قبروں کی مسماری

ہائی کورٹ کے فیصلہ کے باوجود وقف بورڈ سویا ہوا ہے۔ حاجی محمد ہارون 

بھوپال۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون ایڈوکیٹ نے پولیس ہیڈکوارٹرس میں واقع قبرستان کی بے حرمتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں مسجد نور باغ کے عقب میں واقع شاہی خاندان کی قبروں کو اوّل تو محصور کردیا گیا ہے دوم اُن کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اِن قبروں کو نقصان پہونچایا جارہا ہے، نفیس سنگ مرمر کی جالیاں جو قبروں پر آویزاں تھیں اُن کو توڑ کو ڈھیر لگادیا گیا ہے، اِن قبروں میں نواب سکندر جہاں بیگم کے شوہر جو خود بھی ریاست بھوپال کے حاکم رہے ہیں اُن کی قبر بھی موجود ہے اور پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر محکمہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی طرف سے ایک کتبہ آویزاں ہے، جس میں نواب جہانگیر محمد خاں کے بارے میں تفصیل درج ہے۔حاجی ہارون نے تعجب کا اظہار کیا کہ اتنے اہم قبرستان کو جو تاریخی اہمیت کا حامل اور پولیس ہیڈکوارٹر میں واقع ہے۔ قانون و انتظام کے پہریداروں کے درمیان ہونے کے باوجود اُس کی بربادی بہت سے سوالات کھڑے کرتی ہے۔ شہر کے عوام بھی یہ جاننا چاہتے ہیں محکمہ اوقاف جو قبرستانوں کا نگراں ہے اپنی ڈیوٹی سے غافل کیوں ہے؟ جبکہ پولیس ہیڈ کوارٹر کی یہ پوری زمین وقفیہ آراضی ہے جس کے بارے میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے وقف بورڈ کے حق میں فیصلہ ہوچکا ہے۔ لیکن آخر کیوں اِس پر وقف بورڈ اور اوقاف شاہی آج تک عمل درآمد نہیں کراسکے؟ 


26جنوری کے سلسلے میں ملک بھر میں کئے گئے سیکورٹی انتظامات 

نئی دہلی ۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع)جموں کشمیر سمیت ملک کی داخلی سلامتی صورتحال کے بارے میں سوموار کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تازہ امن و قانون کے حالات کے بارے میں وزیر داخلہ نے میٹنگ میں موجود دوسرے حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وزیر داخلہ کی صدارت میں منعقد ہوئی میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال ، راہ کے سربراہ و آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں 26جنوری کے سلسلے میں کئے گئے سیکورٹی انتظامات و حالیہ پٹھانکوٹ حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ کو قومی سلامتی کے مشیر و دوسرے حکام نے ملک کی داخلی سلامتی کے بارے میں جانکاری دی جبکہ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے امن کو بنائے رکھنے کیلئے چوکسی بنائے رکھنے کی مسلسل ضرورت ہے ۔یو این این اس ضمن میں جو تفصیلات ملی ہیں ان کے مطابق نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ اجناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ملک کی داخلی سلامتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ میٹنگ میں اعلیٰ حکام نے وزیر داخلہ کو اس حوالے سے تمام جانکاری فراہم کی۔ اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ کی صدارت میں منعقد ہوئی میٹنگ میں جموں کشمیر سمیت ملک کی موجودہ داخلی سلامتی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ 26جنوری کے سلسلے میں ملک بھر میں کئے گئے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بھی وزیر داخلہ نے حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اطلاعات کے مطابق میٹنگ میں وزیر داخلہ کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال ، ہندوستان کی جاسوس ایجنسی کے سربراہ و آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی شرکت کی ۔ واضح رہے اس ماہ کی2تاریخ کو پٹھانکوٹ کے فدائین حملے کے بعد نئی دہلی میں لگاتار میٹنگیں منعقد کی جارہی ہیں جن میں ملک کی سلامتی صورتحال کے حوالے سے صلاح مشورے کئے جارہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ کی صدارت میں منعقد ہوئی میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر نے پاکستان کے ساتھ سیکریٹری خارجہ مذاکرات کرنے کے حوالے سے بھی جانکاری دی اور اپنے پاکستان کے ہم منصب کے ساتھ جاری رابطوں کے بارے میں بتایا کہ جو اجیت ڈوبھال اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ بنائے رکھے ہوئے ہیں ۔


فساد متاثرین کو انصاف دلانے کا مطالبہ 

فتحپور۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) مکرسنکرانتی کے تہوار پر ضلع کے جہان آباد قصبہ میں دوفریقوں کے بیچ ہوئے فساد کے بعد تمام سیاسی پارٹیوں کے لوگوں نے قصبہ میں پہنچ کر لوگوں کے زخموں پر مرحم لگانے کے ساتھ تمام طرح سے انصاف دلانے کا بھروسہ دلایا ۔ لیکن سماجوادی پارٹی اقلیتی سبھا کے ضلع صدر چودھری منظر یار کی رہنمائی میں ایک وفد فساد والی جگہ سمیت فساد میں جو دکانیں جلائی گئیں اور لوٹی گئی ان کے متاثرین سے مل کر حکومت سے ہر ممکن مدد دلانے کا بھروسہ دلاتے ہوئے تنظیم کی جانب سے مالی مدد دی گئی ۔ جسے دیکھ کر مقامی لوگوں میں چرچا رہی کی تمام سیاسی پارٹیون کے لوگ آئے اور سیاست کے لئے بڑی بڑی تقریر اور یقین دلاکر چلے گئے ۔ لیکن جس طرح سے اقلیتی سبھا کے ضلع صدر چودھری منظر یار نے متاثرین کا درد سمجھتے ہوئے انہیں کچھ راحت پہنچانے کے لئے موقع پر غائبانہ مالی مدد دی گئی جس سے متاثرین کو کچھ راحت مل سکی ۔ ضلع صدر چودھری منظریار اپنے تنظیم کے کارکنوں اور عہدے داروں کے ساتھ پورے قصبہ میں گھوم گھوم کر واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیا اور پوری رپورٹ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو بھیج کر مطلع کیا ۔ جس میں تشدد کے دوران جن دکانوں کا نقصان ہواہے ان کو راحتی خزانے سے رقم دیئے جانے کی بات کہی ۔مسٹر منظر نے یہ بھی بتایا کہ مقامی پولیس سے مل کر بے قصور لوگوں کو نہ پھنسائے جانے اور جو لوگ واقعی میں ملزم ہیں انہیں کسی بھی حال میں نہ چھوڑا جائے ۔مسٹر منظر نے انتظامیہ کے لوگوں سے بھی تشدد کے غیر جانب دارانہ جانچ کرنے کی بات کرتے ہوئے عوام کو ہر ممکن مدد کرنے کے ساتھ ناجائز پریشان نہ کرنے کی بات کہی اور انہوں نے دونوں فرقوں کے لوگوں سے آپسی بھائی چارہ بنائے رکھنے کی گزارش کی ۔ اس موقع پر محمد اعجاز ، چاند ، صغیر حسین جعفری ، سعود ، شکیل گولڈی وغیرہ موجود رہے ۔ 


یوم جمہوریہ کے موقع پر جمعیۃ علماء شہر کے دفتر میں پرچم کشائی 

کانپور۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) جمعیۃ علماء شہر کانپور میں حسب سابق یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی ۱۱بجے بروز منگل کی جائے گی۔ اس کے بعدمجلس عاملہ کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے دی۔ مولانا اسامہ قاسمی نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی یوم جمہوریہ کے موقع پرجمعیۃ علماء شہر کانپور کے دفتررجبی بلڈنگ میں ۱۱بجے بروز منگل قومی پرچم ترنگا کی پرچم کشائی کی جائے گی۔اس کے بعد مجلس عاملہ کی میٹنگ ساڑھے ۱۱بجے ہوگی جس کی صدارت جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر مولانا انواراحمد جامعی کریں گے۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کے نئے ٹرم کی ممبرمہم ،کانپور میں ممبرسازی مہم کے طریقے نیز اجلاس معراج النبی کی تاریخوں کے تعین، ملک کی تازہ صورتحال خصوصاً علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اقلیتی کردار پر نگاہ بد کے خلاف لائحہ عمل ،ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتوں سے کئے گئیوعدوں کے سلسلے میں جمعیۃ علماء صوبہ یوپی کی وعدہ پورا کرو یاد دہانی مہم پر غور کیا جائے گا۔ مولانا قاسمی نے مجلس عاملہ کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت مقررہ پر پہنچیں اور پرچم کشائی ومیٹنگ میں شرکت فرمائیں۔ ادا کی جائے گی۔ جامعہ کے صدر المدرسین مولانا انوار احمد جامعی نے کہا کہ قومی پرچم لہرانے کے وقت تمام طلبہ واساتذہ موجود ہوں گے۔


ہردا میں سوشل میڈیا پر پابندی کاحکم جاری

ہردا۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور کلیکٹر شریکانت بھنوٹ نے امن قائم رکھنے کے لئے فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا کے لئے پابندی کا حکم جاری کیا ہے۔یہ حکم تعزیرات ہند1973 کی دفعہ 144کے تحت جاری کیا گیا ہے۔کل رات سے یہ پابندی مکمل ضلع میں 20فروری 2016 کی شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔جاری حکم کے مطابق اس دوران کوئی بھی شخص یہ گروہ کسی بھی طرح سے سوشل میڈیا جیسے واٹس ایپ ،فیس بک ،ایس ایم ایس ،ای میل یا موبائل سے پیغام کے ذریعہ کوئی بھی ایسی اطلاع یا پیغام کی تشہر و نشر نہیں کر سکتا جس سے ضلع میں امن وامان کو خطرہ ہو یا مذہبی ہم آہنگی میں خلل پیدا ہویا پھر عوام اور مجموعہ میں اس اطلاع یا پیغام سے ڈر اور خوف کا موحول پیدا ہو۔کوئی بھی شخص اس قسم کے پیغامات نہ تو پھیلائے گا اور نہ ہی کسی دیگر شخص سے موصول پیغام کو نشر کرے گا۔اس حکم کی خلاف ورزی پر دفعہ 188کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ہردا ضلع کے کھرکیا ریلوے اسٹیشن پر گزشتہ دنوں مبینہ طور پر گائے کا گوشت کے سلسلے میں چند لوگوں نے ٹرین میں جارہے ایک جوڑے کی پٹائی کر دی تھی۔اس کے بعد پیدا ہوئے تنازعہ میں ملوث کئی افراد کی گرفتاری بھی ہوئی ہے۔پٹنہ کے بعد سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر بھڑکانے والے پیغامات وائرل ہونے کے بھی کئی واقعات سامنے آئے تھے۔


دہلی میں سخت سردی کی لہریں جاری، موسم کا سب سے کم درجہ حرارت اور شدید کہرے کے 

سبب ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

نئی دہلی۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) قومی راجدھانی دہلی کے باشندوں کو آج صبح سخت ترین سردی کا احساس کرنا پڑا ، جہاں موسم کا سب سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو معمول سے تین درجہ کم ہے ، جبکہ شدید کہرے کے سبب ٹرینوں اور گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سلسیس کے آس پاس جاسکتا ہے۔ شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کہرے کی وجہ سے مجموعی طورپر 35 ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں اور 14 ٹرینیں تاخیر کا شکا ر ہوء? ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران آسمان عام طورپر ابر آلود رہے گا اور صبح کے اوقات میں معتدل تا شدید کہرا ہوگا۔جنوری کے پہلے ہفتے میں خلاف معمول د موسم نسبتا گرم ہونے کے بعد گزشتہ ایک ہفتہ سے قومی راجدھانی میں سخت سردی کی لہریں جاری ہیں، جبکہ گزشتہ دو دنوں میں سرد لہروں کی وجہ سے سات لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔


گرام پنچایت کا پرچہ نہ بھرنے سے خفاشوہر نے اپنی بیوی کا گولی مارکر قتل کیا

مہوبا۔25جنوری(فکروخبر/ذرائع) اتر پردیش کے مہوبا شہر کوتوالی علاقے میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا گولی مارکر قتل کردیا۔پولس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سندیپ سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ مامنا گاؤں کا رہنے والا دیویدین اپنی بیوی راجکماری سے اس بات پر خفا تھاکہ پچھلے دنوں ہوئے گرام پنچایت انتخابات میں اس کے مسلسل اسرار کے باوجود بھی اس نے پردھان عہدے کے لئے اپنا پرچہ داخل نہیں کیا تھا،اس بات پر دونوں کے درمیان کشیدگی تھی ۔کل شام کھیت میں مویشی چرانے کے بعد گھر لوٹ رہی راجکماری کو دیویدین نے پستول سے گولی مار دی جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔مذکورہ افسر نے بتایا کہ بیوی کا قتل کرنے کے بعد پولس نے دیویدین کوگرفتار کر لیا۔اسکے پاس سے قتل میں استعمال کیا گیاپستول اورکارتوس بر آمد کئے گئے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا