English   /   Kannada   /   Nawayathi

گرانی کا اثر سکوں پر فقیر بھی لینے کو تیار نہیں

share with us

گرانی دور کرنے کے لئے بہت سے علاج تجویز کئے جاتے ہیں لیکن وہ تجویز شاید کسی کے ذہن میں نہیں آئی تھی جو جبلپور کے فقیروں نے کچھ عرصہ پہلے پیش کی ہے اور جس کے مطابق مرض کا علاج یہ تجویز کیا گیا ہے کہ تمام چھوٹے سکے منسوخ کردیئے جائیں ا ن فقیروں نے جبل پور میں اپنی ایک کانفرنس منعقد کرکے حکومت ہند سے یہ مطالبہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا کہ پانچ پیسے، دس پیسے، بیس پیسے ، پچیس پیسے ، پچاس پیسے کے ساتھ ایک روپیہ کے سکے بھی منسوخ کردیئے جائیں کیونکہ ان سے آج کل کوئی چیز بھی نہیں خریدی جاسکتی ان فقیروں نے اپنی کانفرنس کے بعد وزیراعظم کے نام ایک عرض داشت بھی پیش کی ہے۔
یہ واقعہ بظاہر دلچسپ لیکن عملاً بڑا سبق آموز ہے کیونکہ ان چھوٹے سکوں کی پوزیشن اتنی گر گئی ہے کہ ملک کے بعض علاقوں میں کوئی انہیں قبول کرنے کے لئے تیار نہیں، کئی ریاستوں کے بڑے بڑے شہروں میں ان سکوں کا چلن اس حد تک ختم ہوگیا ہے کہ سرکاری بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشنوں کا عملہ بھی ان کو قبول نہیں کرتا جن علاقوں میں آج یہ سکے قبول کئے جاتے ہیں وہاں بھی ان میں سے کسی بھی سکے سے کوئی چیز خریدی نہیں جاسکتی بچوں کو بہلانے والا لیمن چوس تک ایک روپیہ میں نہیں ملتا۔ یعنی خرید وفروخت کا سب سے چھوٹا ایک روپے والا سکہ بے معنی ہوگیا ہے جہاں تک دو، پانچ پیسے، دس پیسے اور پچیس پچاس پیسے کے سکوں کا تعلق ہے ان کا نام ونشان مٹ گیا ہے اور پچیس، پچاس پیسے کا سکہ صرف حساب وکتاب کی ضرورت کی وجہ سے کہیں کہیں نظر آجاتا ہے لیکن ان کا بھی حال یہ ہے کہ اگر کسی کو راستہ میں یہ سکے پڑے ہوئے نظر آجائے تو وہ ان کو جھک کر اٹھانے کی کوشش نہیں کرتا۔
ملک کے بعض حصوں میں مذکورہ بالا چھوٹے سکوں کا چلن بند ہوجانا اور بعض میں ان کا چلتے رہنا بھی پریشان کن ہے مثلاً آپ کے شہر سے اگر کوئی شخص پہلی بار یوپی کا رخ کرے تو اس کی جیب میں ایسے سکے بھی ہوسکتے ہیں جو قانونی ہیں اور جو اس کے شہر میں قبول کئے جاتے ہیں لیکن منزل مقصود پر پہونچ کر اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں وہ سب کے سب بند ہوچکے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ایسے سکے لوگ فقیروں کو دے کر اپنی جیب ہلکی کررہے ہوں اور اسی لئے فقیروں کو احتجاج کرنے کی ضرورت پیش آئی، لیکن بات یہ نہیں ہے کیونکہ وہ بھی ایسے سکے لینے سے انکار کرسکتے ہیں اور انکار کرتے وقت ایسا طرز عمل اختیار کرسکتے ہیں کہ دینے والا شرم محسوس کرنے لگے۔پاکستان میں تو برسوں سے کوئی فقیر ایک روپے سے کم قبول نہیں کرتا لیکن ہندوستان میں عام طور پر یہ کیفیت پیدا نہیں ہوئی تھی، اب ’’گلوبلائزیشن‘‘ کے تجربے کی دھوم دھام میں یہاں کے فقیروں نے ایک نئے انداز میں سوچنا شروع کردیا ہے۔ پاکستانی فقیروں نے تو چھوٹے سکوں کو قبول کرنا بند کیا تھا اور ہندوستانی فقیروں نے ان سے بھی دو ہاتھ آگے بڑھ کر یہ مطالبہ شروع کردیا ہے کہ ایسے سکے رائج ہی کیوں ہیں جن کی قدروقیمت نہ ہو۔
ہندوستان میں جس تیزی سے روپے کے سکے کی قیمت میں کمی آرہی ہے اس کے دیکھتے ہوئے وہ وقت دور نظر نہیں جب پاکستان کی طرح فقیر روپے کے علاوہ چھوٹا سکہ لینے سے انکار کردیں گے کیونکہ عالمی بازار میں روپے کی قیمت آج صرف ۲۸ پیسے رہ گئی اور مرکزی حکومت آنکھیں بند کئے نیز وزارت مالیات منہ بند کئے تماشائی بنی ہوئی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا