بھٹکل : پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور عوام کی کے لیے اس کے انتظامات کرنا بڑی نیکیوں میں شامل ہے ، اس سے بڑھ کر صاف پینے کا پانی کے انتظامات اس وجہ سے بھی زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کہ موجودہ دور میں اکثر بیماریاں صاف پینے کا پانی مہیا نہ ہونے کی وجہ سے آتی ہیں۔
انہی بنیادی ضروریات کے پیش نظر مسجد صحابہ ، رحمت آباد کے احاطہ صاف پینے کے پانی کے مفت انتظامات کیے گئے ہیں جس کا افتتاح نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد انصار صاحب ندوی کے ہاتھوں کل بعد عصر عمل میں آیا۔ مولانا نے نلکا کھول کر اس کا افتتاح کرنے کے بعد دعا فرمائی۔ موقع پر موجود لوگوں پر خوشی کے آثار صاف طور پر دیکھے جاسکتے تھے کہ اس کے ذریعہ سے اس علاقے کی ایک بنیادی ضرورت پوری ہورہی ہے۔
علاقے والوں نے بتایا کہ اس سے قبل انہیں صاف پینے کا پانی لانے کے لیے مدینہ کالونی جانا پڑتا تھا اور اب الحمدللہ مسجد کے احاطہ میں اس کے انتظامات ہونے کی وجہ سے عوام کی ایک بڑی ضرورت پوری جائے گی۔