کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں مدھیہ پردیش کے بی جے پی وزیر وجئے شاہ کے مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس پر کرناٹک حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی. پرمیشور نے اعلان کیا ہے کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور جلد ہی ایک ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
ڈاکٹر پرمیشور کے مطابق، کرنل صوفیہ قریشی، جو کہ بیلگاوی کی بہو ہیں، کے خلاف دیے گئے ریمارکس نہ صرف ذاتی سطح پر توہین آمیز ہیں بلکہ یہ پورے ملک کی مسلح افواج کی تضحیک کے مترادف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلگاوی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کریں، اور مرکز کو بھی اس معاملے سے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کسی کو بھی اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کا اختیار نہیں، اور ایسی سوچ کا معاشرے میں کوئی مقام نہیں ہونا چاہیے۔
اسی دوران، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پچھلے دو برسوں سے کرناٹک کو مرکز کی جانب سے فنڈز کے اجرا میں تاخیر کا سامنا ہے۔ اس مسئلے پر ریاستی حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہے، اور وزیراعلیٰ نے حالیہ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ مرکز سے بات چیت کر کے فنڈز کے اجراء کو یقینی بنائیں۔
پرمیشور نے مزید بتایا کہ 20 مئی کو وجے نگر ضلع کے ہوسپیٹ میں ایک وسیع پیمانے پر سرکاری پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں 50 ہزار سے زائد افراد کو مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ اس تقریب میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، مالیکارجن کھرگے اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔