بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے برادرانِ وطن کے کھلاڑیوں کے ساتھ گیٹ ٹو گیدھر پروگرام

بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے برادرانِ وطن کے کھلاڑیوں کے ساتھ گیٹ ٹوگیدھر پروگرام ہوٹل رویل آک میں آج بعد عصر منعقد کیا گیا جس میں فیڈریشن کی جانب سے ہندو مسلم بھائی چارہ کو فروغ دینے اور شہر کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا گیا۔

فیڈریرشن کے جنرل سکریٹری جناب مبشر ہلارے نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیڈریشن کی خدمات پر مختصراً روشنی ڈالی۔

مہمانِ خصوصی جناب محمد کنہی نے معاشرہ میں دونوں کیمونیٹی کے تعلق سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالہ کی بات کہتے ہوئے کہا کہ جب تک کسی بھی بات کی تصدیق نہیں ہوتی ہمیں اس پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کے دکھ سُکھ کا خیال رکھنا چاہیے اور ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہیے جس سے انسانیت کو نقصان پہنچے اور انسانت شرمسار ہوجائے۔

انجمن بی ایڈ میں زیر تعلیم ایک طالب نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب بھٹکل میں تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا تو بہت سے احباب نے بھٹکل کے تعلق سے کئی باتیں بتائیں جن کا سچائی کے ساتھ دور دور تک رشتہ نہیں ہے،  میں نے ان کی باتوں کی طرف دھیان نہیں دیا، جب میں نے بھٹکل اوریہاں کے لوگوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تو ایسا کچھ نہیں ہے جس کے بارے میں مجھے بتایا گیا تھا۔ انہوں نے یہاں کے لوگوں کی انسانیت دوستی کی بھی تعریف کی۔
جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل مولانا عبدالرقیب ندوی نے کہا کہ گیٹ ٹو گیدھر پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہوتے رہنے چاہیے جس کے ذریعہ ہمیں ایک ساتھ مل جل کر بیٹھنے کا موقع ملتا ہے اور ہم اپنے خیالات ایک دوسرے سے شیئر کرسکتے ہیں۔

سابق صدر فیڈریشن مولانا عزیز الرحمن ندوی نے کہا کہ ہم تین سال قبل اس طرح کے پروگرام میں جمع ہوئے اور آج ہمیں یہ موقع دوبارہ ملا اور امید ہے کہ اس طرح کے مواقع ہمیں فراہم ہوتے رہیں گے۔

صدرِ فیڈریشن مولانا وصی اللہ ندوی نے تمام شرکاء بالخصوص برادرانِ وطن کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کے کام آنے پر زور دیا۔

جلسہ کا آغاز مولوی سید نبیغ برماور کی تلاوت سے ہوا اور نظامت کے فرائض ماسٹر عبدالسمیع نے انجام دیئے۔

شیئر کریں۔