English   /   Kannada   /   Nawayathi

جماعت المسلمین بھٹکل کے ہزار سال کی تکمیل پر منعقد ہوگا عظیم الشان اجلاس ، جانئے مکمل تفصیلات

share with us

بھٹکل 23؍ نومبر 2022(فکروخبرنیوز) جماعت المسلمین بھٹکل بھٹکل کا ہی نہیں بلکہ ہندوستان کا ایک قدیم ادارہ ہے ، اس کی ہزار سے زائد سالہ تاریخ ہے اور نوائط قبیلہ سے تعلق رکھنے والوں کا یہ امتیاز رہا ہے جہاں بھی یہ لوگ بسے وہاں انہوں نے اجتماعیت کو قائم رکھنے کے لیے جماعتی نظام قائم کیا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ  جماعت کی خدمات ، اس کی تاریخ اور اس کو منصوبوں کو سامنے لانے اور ساتھ ہی ساتھ نئی نسل جماعت کی خدمات سے آگاہ کرنے کے لیے اس تاریخی پروگرام کا انعقاد کیا جائے۔ اس کے لیے 11 ، 12 جمادی الثانی 1444ہجری مطابق 4 ، 5 جنوری2023 عیسوی بروز بدھ وجمعرات کی تاریخ اور دن طئے کی گئی ہے۔ اس کی اطلاع پروگرام کے کنوینر اور مشہورعالمِ دین مولانا محمد الیاس ندوی نے جماعت کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔ مولانا نے بتایا کہ اس کے اکثر پروگرام جامع مسجد کے سامنے جماعت کی زیر تعمیر عمارت سے متصل میدان میں ہوگا اوراصلاحِ معاشرہ کا پروگرام عیدگاہ میدان میں بروز جمعرات بعد عشاء منعقد کیا جائے گا۔ مولانا نے جماعت کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہاکہ پہلی صدی ہجری میں جب مسلمان اس علاقہ میں پہونچے تو جامع مسجد کی تعمیر کرائی اور اس کے ساتھ دعوتی نقطۂ نظر سے مسلمانوں کی اجتماعیت کو بحال رکنے کے لیے جماعت کی بنیاد بھی ڈالی گئی اور اس وقت جماعت کے تحت ہی مسلمانوں سے متعلق جملہ امور انجام پاتے تھے اور جب ضرورت محسوس کی گئی تو دوسرے اداروں کو قائم کیا گیا۔ اور جماعت کے قیام کے ساتھ دار القضاء کا قیام بھی عمل میں آیا اور اس کے تحت مسلمان اپنے خانگی مسائل حل کیا کرتے تھے اور یہ سلسلہ آج بھی الحمدللہ جاری ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ جب سپریم کورٹ میں دار القضاء کے سلسلہ میں بات آئی تو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جماعت المسلمین کے دستاویزات لے جاکر وہاں پیش کیے اور اس سے الحمدللہ بڑی حد تک کامیابی ملی جس کا اعتراف ملک کے مختلف ادارے اور شخصیات کرتی آرہی ہیں۔

مولانا نے پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے تعلق سے خدمات انجام دینے والوں پر ایک سمینار ہوگا اور نئی نسل کو ان کی خدمات سے واقف کرایا جائے گا۔ اس پر ایک سوینرترتیب دیا گیا ہے جس میں تحریری طورپر ان کی خدمات کو جمع کیا جائے گا۔ براردانِ وطن کے لیے ایک مخصوص پروگرام ہوگا جس میں اسلام اور بھٹکل سے متعلق ان کے شکوک وشبہات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایک تاریخی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر عیدگاہ میدان میں 5 جنوری کو بعدِنمازعشاء پروگرام منعقد ہوگا جس میں بھٹکل اور اطراف کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

مولانا نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب ، مولانا بلال حسنی ندوی اور اڈپی کے پجاور مٹھ کے سوامی کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے علماء اور اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

مولانا کے ساتھ ساتھ قاضی جماعت مولانا عبدالرب صاحب ندوی نے اجتماعیت کو مستحکم کرنے پر زور دیا تو امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی نے جماعتی نظام کو موجودہ دور کی ضرورت قرار دیا۔ پروگرام کے چیرمین جان عبدالرحمن صاحب اور صدرِ جماعت جناب ماسٹر شفیع صاحب وغیرہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا