English   /   Kannada   /   Nawayathi

دو سال بعد آخر کار سپریم کورٹ سے اعظم خان کو ملی عبوری ضمانت، جلد ہوسکتے ہیں رہا

share with us

نئی دہلی:19؍ مئی 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) سماج وادی پارٹی (ایس پی) لیڈر اعظم خان کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے زمین پر قبضے اور دھوکہ دہی کے مقدمے میں ان کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ یہ ضمانت آرٹیکل 142 کے تحت استحقاق کا استعمال کرتے ہوئے دی گئی ہے۔ وہیں، عدالت عظمیٰ نے ہدایت دی کہ وہ ٹرائل کورٹ میں دو ہفتوں کے اندر مستقل ضمانت کی درخواست پیش کر سکتے ہیں۔ مستقل ضمانت پر فیصلہ آنے تک عبوری ضمانت جاری رہے گی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ کیس کے عجیب و غریب حقائق کے پیش نظر عبوری ضمانت دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اعظم خان فروری 2020 سے سیتاپور جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل منگل کے روز سپریم کورٹ نے ایس پی لیڈر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ یوپی حکومت نے عدالت سے کہا تھا، ’’درخواست گزار اور معاملے کے تفتیشی افسر کو بھی دھمکی دی گئی تھی۔ جب اعظم خان کا بیان ریکارڈ کیا جا رہا تھا، اس وقت بھی تفتیشی افسر کو دھمکی دی گئی تھی۔ اعظم خان لینڈ مافیا اور عادی مجرم ہیں۔‘‘

دوسری جانب ارنب کیس کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت میں کہا گیا کہ دونون مقدمات کی نوعیت ایک جیسی ہے، مگر اعظم خان کے خلاف مختلف کیسز میں ایف آئی آر درج ہیں۔ جبکہ اعظم کے وکیل کپل سبل نے کہا کہ اعظم پچھلے دو سال سے جیل میں قید ہیں، تو دھمکی کی بات کہاں آتی ہے؟ نیز یوپی حکومت ان کے مؤکل کو سیاسی بد دیانتی کا شکار بنا رہی ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تمام مقدمات میں ضمانت ہو گئی تو اعظم کے خلاف نیا مقدمہ کیسے درج کر لیا گیا۔ کیا یہ محض اتفاق ہے یا کچھ اور؟ یوپی حکومت کو اس پر جواب داخل کرنا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے ایس پی لیڈر اعظم خان کی ضمانت پر فیصلے کی عدم تعمیل پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اعظم خان کو 87 میں سے 86 مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔ 137 دن گزر گئے، ایک کیس کا فیصلہ نہیں ہوا۔ یہ انصاف کا مذاق ہے۔ ہائی کورٹ نے فیصلہ نہ کیا تو ہم مداخلت کریں گے۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گاوائی کی بنچ نے یہ سماعت کی تھی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا