English   /   Kannada   /   Nawayathi

جہاں چاہ وہاں راہ! 

share with us


   نقی احمد ندوی، ریاض، سعودی عرب 


وزن کم کرنے کے موضوع پر جو کتابیں دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہوئی ہیں، ان میں ایک کتاب کا نام Thin Thighs in 30 Days  ہے۔ اس کتاب کے بارے سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے لکھنے کے پیچھے لوگوں کی رائے یعنی (Feed back) کا ہاتھ رہا ہے۔ اس کتاب کے مصنف کا نام وینڈی اسٹیلنگ(Wendy Stehling) ہے جو ایک ایڈورٹایزنگ کمپنی میں کام کیا کرتی تھی، اسے اپنا جاب قطعی پسند نہیں تھا۔ وہ اپنی خود ایک ایجنسی کھولنا چاہتی تھی مگر ایک  ایجنسی کھولنے کے لئے کم سے کم ایک لاکھ ڈالر چاہییں اور ایک لاکھ ڈالر حاصل کرنا اس کے لیے ممکن نہیں تھا۔ ایک روز اس نے سوچا کہ کیوں نہ پہلے ایک لاکھ ڈالر کمائی جائے پھر ایجنسی کھولی جائے۔ اس نے لوگوں سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ایک لاکھ ڈالر کیسے جلد از جلد کمایا جاسکتا ہے۔ 
ایک لاکھ ڈالر کمانے کا سب سے تیز ترین راستہ کیا ہے؟ 
کتاب بیچ کر: لوگوں کی رائے (Feed back)آئی۔ 
اس نے سوچا کہ اگر وہ تین مہینہ میں ایک کتاب لکھ کر اس کے ایک لاکھ نسخے بیچنے میں کامیاب ہوجاتی ہے، اور ہر نسخہ پر صرف ایک ڈالر ملتا ہے تو وہ ایک لاکھ ڈالر جمع کرسکتی ہے۔ مگر آخر کون سی کتاب لکھی جائے جس کو لوگ خریدسکیں۔ پھر اس نے یہ سوال لوگوں  سے ہی  پوچھا۔ 
امریکہ میں سب سے زیادہ کس موضوع پر کتاب بک رہی ہے اور بیسٹ سیلنگ بک کس موضوع پر زیادہ تر ہے؟ 
وزن کم کرنے والی کتابیں: فیڈ بیک آیا 
  مگر اس فیلڈ میں اپنے آپ کو کیسے میں  ایکسپرٹ کے طور پر منواسکتی ہوں جب کہ میں اس فیلڈسے نا آشنا ہوں۔  
خواتین کیسے وزن کم کرنا چاہتی ہیں خواتین ہی سے مشورہ کریں: لوگوں کی زیادہ تر رائے آئی 
چنانچہ وہ مارکٹ گھومنے لگی اور خواتین سے دریافت کرنے لگی کہ وہ اگر اپنا وزن کم کرنا چاہیں تو کیسے وزن کم کرنا پسند کریں گی، وہ اپنے جسم کے کس حصہ کو موٹا دیکھ کر پریشان ہوتی ہیں اور جسم کے کس حصہ کا وزن سب سے پہلے کم کرنا چاہیں گی۔ خواتین نے بتایا کہ اپنے ران کا وزنکم کرنا چاہیں گی۔ 
اس نے خواتین سے مزید دریافت کیا کہ کب اور کس موسم میں وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتی ہیں۔ 
اپریل اور مئی وغیرہ میں یعنی گرمی کے موسم میں جب  انھیں سوئیمنگ سوٹ پہننا پڑتا ہے۔ خواتین نے انھیں فیڈ بیک دیا۔ 
یہ سب معلوم کرکے وینڈی نے کیا کیا؟ 
وینڈی نے ایک کتاب لکھی  اور اسکا نام رکھا  Thin Thighs in 30 Days (پتلی ران تیس دن میں) پھر اس نے اسے پندرہ اپریل کو شائع کیا اور صرف تین ماہ میں جون کا مہینہ ختم ہوتے ہوتے اس کے پاس ایک لاکھ ڈالر اس کتاب سے آگئے۔ اور یہ سب اس کے لئے کیونکر ممکن ہوسکا کیونکہ اس نے لوگوں سے بار بار پوچھا، اسے جو کچھ چاہئے تھا اس کے بارے میں لوگوں سے سوال کرتی رہی اور جو لوگوں کا فیڈ بیک آیا اس پر عمل کرتی رہی۔ 
ایک انسان کے اندر اگر کچھ کر گذرنے کا جذبہ ہو تو وہ راستے تلاش کرہی لیتا ہے۔  نپولین ہل ایک مشہور مصنف اور قلم کار ہیں ان کا قول ہے: 
The starting point of all achievement is desire. Keep this constantly in mind. Weak desires bring weak results, just like as a small amount of fire makes a small amount of heat. -Napoleon Hill
تمام کامیابیوں کا نقظہ آغاز عزم ہے۔ اسے ہمیشہ دماغ میں رکھیں۔ کمزور عزم کمزور نتائج پیدا کرتے ہیں بعینہ اسی طرح جس طرح آگ کی تھوڑی سی مقدار حرارت کی ایک چھوٹی سی مقدار ہی پیدا کیا کرتی ہے۔ عام طور پر لوگ دوسروں کی مدد لینے اور اپنے مقصد کے متعلق سوال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔بڑے بزرگوں نے بالکل صحیح کہا ہے جہاں چاہ وہاں راہ!


 مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا