English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل رابطہ سوسائٹی میں منعقدہ خصوصی نشست میں بھٹکل سرکاری اسپتال کو مزید بہتر بنانے پر ہوا غوروخوض 

share with us

اسپتال میں موجود سہولیات سے عوام میں بیداری پیداکرنے کی اشد ضرورت 

بھٹکل 05/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز)  بھٹکل سرکاری اسپتال کو مزید ترقی دلانے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو وہاں سے استفادہ کی شکلیں پیدا کرنے پر غوروخوض کے لیے رابطہ سوسائٹی بھٹکل کے دفتر میں رابطہ، فیڈریشن اور اخباری نمائندوں کی ایک خصوصی نشست بروز جمعہ بعد عصر منعقد کی گئی۔ نشست میں اسپتال کوترقی دلانے کی مختلف تجاویز پر بات چیت کرتے ہوئے ذمہ داران نے اسپتال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہر ایک کو فکر مند ہونے اور عوامی سطح پر اس تعلق سے بیداری لاتے ہوئے انہیں اسپتال سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب قاضیا محمد یونس صاحب نے اپنے اسپتال دورہ کے بعد تأثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات سے بہت خوشی ہورہی ہے کہ بھٹکل سرکاری اسپتال پرانا سرکاری اسپتال نہیں رہابلکہ وہاں پر جس طرح کی ترقی ہورہی ہے اور عوام پہلے سے زیادہ جس انداز میں فائدہ اٹھارہی ہے وہ بہت خوش آئند بات ہے۔ مختلف سہولیات کے ساتھ ساتھ قابلِ اعتماد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی وہاں ہمہ وقت مریضوں کی خدمات کے لیے مہیا ہے۔سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ چوبیس گھنٹے وہاں ڈاکٹروں کی خدمات مہیا ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ عام طور پر لوگو ں نے اپنے ذہنوں میں سرکاری اسپتال کے متعلق ایک رائے قائم کی ہوئی ہے کہ وہاں پر بہتر طریقے سے علاج نہیں ہوتا ہے یا پھر وہاں صرف غریب طبقہ کے افراد ہی جاتے ہیں، گویا وہاں جانا معیوب سمجھا جاتا ہے، انہوں نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اپنے والدہ کے علاج ومعالجہ کے لیے بھٹکل کے سرکاری اسپتال گئے جہاں انہیں بہتر سہولیات سے لیس اسپتال دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی، ان کا کہناہے کہ میں سمجھتا ہے کہ بھٹکل تعلقہ میں جتنی علاج ومعالجہ کی سہولیات بھٹکل سرکاری اسپتال میں موجود ہے وہ کسی بھی اسپتال میں مہیا نہیں ہیں۔ آئی سی یو، ڈائیلاسیس سینٹر،سکیننگ، ایکسرے اور دیگر سہولیات بھی موجود ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس طرف عوام کی توجہ مبذول کراتے ہوئے سرکاری اسپتال میں موجود سہولیات سے انہیں متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے۔ جناب یونس قاضیاصاحب نے وہاں کے میڈکل افسر ڈاکٹر سمیتا کامتھ کے تعلق سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کی ترقی کے لیے ان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں قابلِ تحسین ہیں۔ اسی طرح شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی خدمات کی بھی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ خود وہاں کی میڈیکل افسر نے انہیں بتایا کہ اسپتال کی ترقی میں یہاں کے نوجوانوں کی کوششوں کا بڑا دخل رہا ہے۔ کسی بھی وقت انہیں فون کرکے بلانے پر وہ فوراً اسپتال پہنچ جاتے ہیں اور مریضوں کو مزید علاج کے لیے کنداپور یا پھر منگلور منتقل کرنے کے لیے اپنا تعاون ہمہ وقت پیش کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔اس موقع پر مختلف لوگوں نے اسپتال کو مزید ترقی دلانے کے لیے اپنی آراء بھی پیش کی اور کہا کہ ہماری تھوڑی سی توجہ سے بھٹکل میں بہتر اسپتال کی سہولیات کا خلا پرہوسکتا ہے اور لوگوں کو منگلوریا دیگر شہروں کا رخ کرنے کے بجائے یہیں پر ان کا بہتر طریقہ پر علاج ممکن ہے۔ اس موقع پر جناب ایس جے سید ہاشم، جناب عبدالسمیع کولا، جناب محی الدین رکن الدین، فیڈریشن کے صدر جناب امتیاز ادیاور، سکریٹری جناب نصیف خلیفہ، جناب ارشاد اور اخباری نمائندے موجود تھے۔ 
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا