English   /   Kannada   /   Nawayathi

حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ، ائیرپورٹ پر استقبال

share with us

ممبئی :19 اگست 2019 (فکروخبر/ ذرائع )حج بیت اللہ2019 ء کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ 17/اگست2019سے جاری ہے اور اب تک کل 05پروازیں جدہ سے دہلی آچکی ہیں جن میں تقریباً1350حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل ہوچکی ہے۔گزشتہ شام ایئرانڈیا کی فلائٹAI-5002سے دہلی پہنچنے والے 420 حجاج کرام کے دستے کودہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان نے استقبال کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔

واضح ہوکہ 17/اگست2019 سے حجاج کی وطن واپسی کا شروع ہونے والا سلسلہ 30/اگست 2019تک جاری رہے گا۔اس درمیان ایر انڈیا کی کل 64پروازیں حجاج کرام کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمنل پر آئینگی۔اس سال ہندوستان سے حج بیت اللہ کے لیے جانے والے کل1,39,960عازمین میں سے 22,551عازمین دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے حج کے مقدس سفرپرروانہ ہوئے تھے۔دہلی سے حج بیت اللہ جانے والے عازمین کا تعلق دہلی کے علاوہ مغربی اترپردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، پنجاب، ہماچل پردیش, چنڈی گڑھ اورجموں کشمیر سے ہے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان کی اطلاع کے مطابق دہلی حج کمیٹی دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر انتظام اور انصرام کے لیے ذمہ دار ہونے کی حیثیت سے حسب دستور گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کی تمام تر سہولیات کی یقین دہانی اور فراہمی کے لیے ہر وقت مصروف ہے اور دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حجاج کی واپسی اور انہیں سہولت کے ساتھ اپنے احباب اور رشتہ داروں تک پہنچانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں دور درا ز کے صوبوں اور علاقوں کے حجاج اور انہیں لینے کے لیے دہلی آنے والے ان کے رشتہ داروں اور اہل خانہ کے قیام کے لیے حج منزل میں پہلے کی طرح مناسب انتظامات کیے گیے ہیں جہاں ریلوے ریزرویشن کے خصوصی کاؤنٹر اور حکومتِ دہلی کی طبی ٹیم بھی خدمات پر مامور ہے۔

اسی طرح دہلی سرکار کے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ایرپورٹ پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔اس کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے اس سال پہلی بار سول ڈیفینس ٹیم کے ساتھ بھارت اسکاوٹ ایند گائیڈ کے 60رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ایئرپورٹ پر حجاج کی سہولیات اور انہیں بہ آسانی ان کے رشتہ داروں تک پہنچانے کے لیے حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی،ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی، حج کمیٹی آف انڈیا دہلی لائزن آفس انچارچ سلطان عالم اور حج کمیٹی کے اسٹاف و دیگررضاکاران شب و روز اپنے حسن خدمت کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا