English   /   Kannada   /   Nawayathi

سرکاری پرائرمی اسکولوں کے انگلش میڈیم میں ہاؤس فل ،  کنڑا میڈیم کو پوچھنے والا کوئی نہیں 

share with us

بنگلورو 10/ جون 2019(فکروخبر/ ذرائع) کنڑا سرکاری اسکولوں میں بچوں کے داخلے میں کمی اور نجی انگلش میڈیم اسکولوں میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے جاری تعلیمی سال سے سرکاری کنڑا پرائمری اسکولوں میں ہی انگلش میڈیم کی کلاسس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کا مثبت اور منفی اثر ایک ساتھ دیکھنے میں آیا ہے۔ جون سے تعلیمی سال کا آغاز ہوتے ہی کنڑا اسکولوں کے انگلش میڈیم میں بچوں کے داخلے کے لیے والدین کا ہجوم امڈ پڑا ہے اور تقریباً تمام اسکولوں میں ہاؤس فل ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید سیٹوں کی گنجائش نکالنے کا پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف کنڑا میڈیم سیکشن کے لیے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور کئی مقامات پر کنڑا میڈیم کلاسس کو بند کردینے کی نوبت آگئی ہے۔ کنڑا حامی تنظیموں اور شخصیات نے اس خطرے کو بھانپتے ہوئے شروع سے ہی ریاستی سرکار کے اس اقدام کی سخت مخالفت کی تھی مگر حکومت نے تمام مخالفتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ریاست کے 947اسکولوں میں کنڑا میڈیم کو بحال رکھتے ہوئے اضافی طو رپر پہلی جماعت سے انگلش میڈیم کی شروعات کردی تھی۔ محکمہئ تعلیمات کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق کنڑا اور انگلش میڈیم میں سے کسی بھی میڈیم میں داخلہ کرنے کی والدین کو رعایت حاصل تھی لیکن اکثر مقامات پر والدین نے بڑھ چڑھ کر انگلش میڈیم کو ہی منتخب کیا ہے اور تقریباً 75فیصد اسکولوں میں کنڑا میڈیم سیکشن کے ایک طالب علیم نے بھی داخلہ نہیں لیا ہے۔ 10فیصد اسکولوں میں صرف ایک ایک طالب علم موجود ہے۔ خیال رہے کہ امسال شروع کی گئی انگلش میڈیم کی پہلی جماعت کے لیے ہر کلاس میں صرف30طلباء کو داخلہ دینے کی گنجائش ہے۔ بقیہ طلباء کو کنڑا میڈیم میں داخل کیا جانا ہوتا ہے۔ اس طرح جہاں انگلش میڈیم میں طلبہ کا داخلہ 30کی حد پار کرچکا ہے صرف وہاں پر کچھ طلباء کنڑا میڈیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ جیسے میسور ضلع کے 46کنڑا میڈیم اسکولوں میں سے 29اسکولوں میں کنڑا میڈیم کا ایک بھی طالب علم موجود نہیں ہے۔ جنوبی کنیرا کے 43کنڑا سرکاری اسکولوں میں جملہ 1474طلباء کے والدین نے انگلش میڈیم میں اور صرف 176والدین کنڑا میڈیم میں داخلے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ خاص بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ کنڑا میڈیم اسکولوں میں انگلش میڈیم کا آغاز کرنے کی مخالفت کرنے والوں میں سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا بھی پیش پیش تھے۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ کمارا سوامی کے ساتھ خصوصی ملاقات کرکے اس فیصلے کو بدلنے کی بھی سفارش کی تھی۔ اب پتہ چلا ہے کہ سدارامیا کے اپنے گاؤں کے اسکول میں پہلی جماعت میں داخلے کے لیے انگلش میڈیم کا کوٹہ پورا ہوگیا ہے اور کنڑا میڈیم میں ایک بھی داخلہ نہیں ہے۔ پتہ چلا ہے کہ والدین کی جانب سے انگلش میڈیم کلاسس میں تعداد بڑھانے کا جو مطالبہ ہورہا ہے اس پر محکمہئ تعلمات کے اعلیٰ افسران کی طرف سے وزارت تعلیم کا قلمدان اپنے پاس رکھنے والے وزیر اعلیٰ کمار سوامی سے مل کر انہیں یادداشت پیش کرنے او رطلباء کی تعداد بڑھانے کی درخواست کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اگر یہ مطالبہ زور پکڑتا ہے تو اس صورت میں حکومت کی طرف سے انگلش میڈیم کلاسس میں طلباء کی تعداد بڑھانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ خبر یہ بھی ہے کہ حکومت کی طر ف سے سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم جاری کیے جانے کے بارے میں بہت سارے دیہاتوں میں وہاں کے مقامی افراد نے منادی اور اشتہاری بینرس کے ذریعہ عوام کو باخبر کرنے کی مہم چلائپی ہے۔ کئی والدین نے انگلش میڈے میں اپنے بچوں کے داخلے کے لیے ایم ایل اے اور دیگر عوامی منتخب نمائندوں کے سفارشی خطوط کا بھی سہارا لیا ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا