English   /   Kannada   /   Nawayathi

مغربی بنگال تشدد :ٹی ایم سے جاری کئے ویڈیو ، بی جے پی صدر امت شاہ کے خلاف درج کیا کیس

share with us

کولکاتا  :15مئی2019(فکروخبر/ذرائع)مغربی بنگال کے کولکاتا میں بی جے پی صدر امت شاہ کے روڈ شو میں ہوئے تشدد کا جو ویڈیو سامنے آیا ہے اس میں صاف دیکھنے کو مل رہا ہے کہ بی جے پی کا پرچم ہاتھ میں لیے بھگوا لباس پہنے لوگ توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر غنڈہ گردی کا الزام عائد کیا ہے۔ ترنمول کانگریس نے ویڈیو جاری کر کے الزام عائد کیا کہ روڈ شو کے دوران ہوئے پورے ہنگامہ کے پیچھے بی جے پی حامیوں کا ہاتھ تھا۔ تشدد کو لے کر امت شاہ کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ یہ شکایت ودیاساگر کالج کی طالبہ سشویتا موکال نے درج کرائی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نے انتخابی کمیشن سے تشدد کی شکایت کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک او برائن نے ٹوئٹر پر لگاتار تین ویڈیو شیئر کیے ہیں۔ ان ویڈیوز میں بی جے پی کارکنان اور حامی خوب توڑ پھوڑ، آگ زنی اور پتھر بازی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ او برائن نے ان سبھی ویڈیوز کو ثبوت نمبر 1، 2 اور 3 لکھ کر شیئر کیا ہے۔

Embedded video

ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک او برائن کی جانب سے جاری پہلے ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ بھگوا رنگ کی قمیص پہنے اور ہاتھ میں بی جے پی کا جھنڈا لیے کچھ لوگ پتھر پھینک رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سڑک کنارے آگ زنی کرتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔

Embedded video

دوسرے ویڈیو میں بھی آگ زنی کرتے ہوئے بھگوا لباس پہنے لوگ نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں جلتی ہوئی گاڑیوں کے پاس موجود بھیڑ میں کچھ لوگ ڈنڈوں سے وہاں کھڑی دوسری گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہیں تیسرے ویڈیو میں بھیڑ کا ہنگامہ دکھایا گیا ہے۔ تینوں ویڈیو کو ڈیرک او برائن نے ثبوت کے طور پر ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اس تشدد کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

Embedded video

دوسری طرف بی جے پی نے ترنمول کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے ایک الگ ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کے چیف امت مالویہ نے ترنمول کانگریس پر امت شاہ کے روڈ شو میں تشدد پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

Embedded video

اس واقعہ کے بعد مغربی بنگال اور دہلی کا سیاسی پارہ مزید گرم ہو گیا ہے۔ بی جے پی راجدھانی دہلی میں جنتر منتر پر واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہے۔

قابل غور ہے کہ امت شاہ لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلہ میں اتوار کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں تشہیر کرنے کے لیے کولکاتا میں ہیں اور انھوں نے منگل کو یہاں ایک روڈ شو کیا۔ ان کے روڈ شو کے دوران خوب ہنگامہ ہوا۔ شاہ کے روڈ شو کے دوران یونیورسٹی کے دروازے کے سامنے اور ودیاساگر کالج کے ہاسٹل کے سامنے ترنمول کانگریس اور بی جے پی حامیوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوئے۔ اس دوران کالج احاطہ میں توڑ پھوڑ، آگ زنی اور پتھر بازی بھی ہوئی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا