English   /   Kannada   /   Nawayathi

قاضی جماعت المسلمین بھٹکل کے ہاتھوں مسجد فاروقی کی از سر نو تعمیر کے لیے رکھی گئی بنیاد

share with us

بھٹکل 21؍ اپریل 2019(فکروخبر نیوز) عرصہ دراز سے فاروقی محلہ میں قائم مسجد عمر فاروقؓ کو شہید کرکے از سر نو تعمیر کے لیے آج قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی کے ہاتھوں بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے ذمہ داروں اور اہلِ محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی نے مسجد کی اہمیت وضرورت پر مختصراً روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور ا س کی تعمیری خدمت کے لیے آگے آنا بڑے ثواب کا کام ہے۔ مسجد کی تعمیری کاموں میں حصہ لینے کو خوش نصیبی سمجھتے ہوئے جتنا ممکن ہوسکے اس میں ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔ امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے کعبۃ اللہ کی تعمیر کے واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جس جذبہ کے تحت کعبۃ اللہ کی تعمیر کی تھی اسی جذبہ کے ساتھ اب ہمارے اس کام میں کارفرما ہونا چاہیے۔ اور اس کے لیے سب سے بنیادی چیز حلال کی رقم ہے او رمسجد کی تعمیر میں اس بات کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔ ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب ماسٹر شفیع صاحب شاہ بندری نے پرانی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے محسنین کو یاد کیا اور کئی ایک افراد کے تذکرہ کے ساتھ وہاں موجود لوگوں کو پرانی یادوں کی ایک بہترین سیر کرائی۔ مولانا محمد یونس برماور ندوی نے مساجد کی تعمیر میں سادگی اختیار کرنے کی دعوت دیتے ہوئے نمائش سے بچنے کی نصیحت کی۔ رفیق فکروخبر بھٹکل مولانا عبدالنور فکردے ندوی نے کہا کہ مسجد نبوی کی تعمیر سادگی کا اعلیٰ نمونہ تھی ، مسجد کی تعمیر کو اس کا خاص خیال رکھتے ہوئے محسنین کے احسانات کو فراموش نہ کریں۔ صدارتی خطاب میں جناب قادر میراں صاحب پٹیل نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بعض کاموں کاآغاز اسی محلہ سے ہوا ، ہم نے اس وقت کی مسجد کا تعمیری کام بھی دیکھا اور اس کی از نو تعمیر بھی دیکھ رہیں۔ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی نے کہا کہ یہ شہر کی پہلی مسجد ہے جس کا نام صحابہ کرام کی طرف نسبت کرتے ہوئے رکھا گیا۔ انہی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا